آصف زر داری سے سعودی وفد کی ملاقات ، مضبوط شراکت داری قائم کرنے ، اقتصادی تعاون مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ

منگل 16 اپریل 2024 16:16

آصف زر داری سے سعودی وفد کی ملاقات ، مضبوط شراکت داری قائم کرنے ، اقتصادی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) پاکستان اور سعودی عرب نے مضبوط شراکت داری قائم کرنے ، اقتصادی تعاون مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔صدر مملکت آصف علی زرداری سے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی جس میں دونوں نے مضبوط شراکت داری قائم کرنے ، اقتصادی تعاون مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔

صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اور دہائیوں پرانے تعلقات ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ موجودہ تعلقات کو طویل المدتی تزویراتی اور اقتصادی شراکت داری میں بدلنا چاہتا ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ پاکستانی حکومت اور عوام خادمین حرمین شریفین کیلئے انتہائی احترام کے جذبات رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہے گا، اسلامی دنیا کی خوشحالی سعودی عرب کی ترقی سے وابستہ ہے۔

صدر مملکت نے سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کی جرات مندانہ اور دور اندیش قیادت اور ویژن 2030 کے تحت ہونے والی قابل ذکر پیش رفت کو سراہا۔ سعودی وزیر خارجہ نے کہاکہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ، سعودی عرب پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری قائم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ سعودی وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین مضبوط تعلقات ہیں ، کئی دہائیوں سے ایک دوسرے کی مدد کرتے آئے ہیں ۔

سعودی وزیر خارجہ نے سعودی عرب کی ترقی میں پاکستانی تارکین وطن کے کردار کو سراہا۔فریقین نے علاقائی صورتحال ، مشرق وسطیٰ میں حالیہ پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔دونوں ممالک نے فوری اور غیر مشروط جنگ بندی اور غزہ میں اسرائیلی مظالم بند کرنے پر زور دیا ،فریقین نے دو طرفہ اہمیت کے امور اور امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

صدر مملکت نے خادمین حرمین شریفین کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ملاقات میں سعودی وزراء برائے پانی و زراعت، صنعت و معدنی وسائل، سرمایہ کاری، سعودی خصوصی کمیٹی کے سربراہ اور وزارت توانائی اور سعودی پبلک انوسٹمنٹ فنڈ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزارئے خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر نجکاری اور سرمایہ کاری بورڈعبدالعلیم خان، وزیر پیٹرولیم اور آبی وسائل مصدق مسعود ملک، وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین اور اعلیٰ سرکاری حکام نے بھی شرکت کی ۔