گورنر خیبر پختونخوا کا حالیہ بارشوں سے خیبر پختونخوا میں جانی و مالی نقصانات پر اظہارافسوس

حاجی غلام علی کاچیئرمین این ڈی ایم اے سے ٹیلی فونک رابطہ، حالیہ بارشوں سے جانی ومالی نقصانات پر تبادلہ خیال گورنر کاچیف سیکرٹری ندیم اسلم ،چیئرمین ہلال احمرحبیب ملک اورکزئی ،چیئرمین ہلال احمر ضم اضلاع عمران وزیر اور میئرپشاور حاجی زبیرعلی سے بھی رابطہ، متاثرہ علاقوں میں عوام کو فوری ریلیف پہنچانے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنانے ،نقصانات سے متعلق جامع رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت

منگل 16 اپریل 2024 21:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے حالیہ بارشوں سے ملک بھر بالخصوص خیبر پختونخوا میں جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے گزشتہ روز چئیرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری، چیئرمین ہلال احمر خیبرپختونخواحبیب ملک اورکزئی اور چیئرمین ہلال احمر ضم اضلاع عمران وزیر اورمیئرپشاور حاجی زبیرعلی سے ٹیلی فونک رابطے کیے اور ملک بھر بالخصوص خیبر پختونخوا کے اضلاع پشاور، ٹانک، سوات،دیر،چترال، خیبر، چارسدہ ، مہمنداوردیگراضلاع میں حالیہ بارشوں سے ہونیوالے جانی و مالی نقصانات سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا، چئیرمین این ڈی ایم اے سے ٹیلیفونک گفتگو میں گورنر نے حالیہ بارشوں سے ہونیوالی اموات پر متاثرہ خاندانوں کو مالی معاوضوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کے ساتھ بارشوں سے متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیوں کیلئے متعلقہ محکموں کے ساتھ ملکر مشترکہ اقدامات اٹھائے کی ضرورت پر زور دیا، گورنر حاجی غلام علی کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے، ہلال احمر، ضلعی انتظامیہ بارشوں سے متاثرہ اضلاع کے عمائدین علاقہ کے ساتھ ملکر جانی و مالی نقصانات سے متعلق ایک جامع مشترکہ رپورٹ مرتب کریں اور معاوضوں کی ادائیگی سمیت بحالی و ریلیف کا کاموں کو مشترکہ حکمت عملی کے ساتھ تیز کیا جائے تاکہ متاثرین علاقہ کی بروقت امداد کے ساتھ بحالی کا کام موثر انداز میں پایہ تکمیل کو پہنچ سکے، اس موقع پر چئیرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ بارشوں سے متعلق ہمیشہ بروقت پیشنگوئی اورالرٹ جاری کرتے رہتے ہیں لیکن اس امر پر افسوس کا اظہارکیا کہ مقامی لوگ ان الرٹس کے باوجود حفاظتی اقدامات سے گریز کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں بارشوں کا ایک نیا سلسلہ شروع ہونیوالا ہے اور اس حوالے سے بھی پہلے سے الرٹ جاری کردیاگیاہے تاکہ عوام اپنی حفاظت کیلئے اقدامات اٹھاسکے،انہوں نے گورنر کی اس تجویز سے بھی اتفاق کیا کہ این ڈی ایم اے صوبائی حکومت، ضلعی انتظامیہ ، مقامی حکومتوں اور عمائدین کے ساتھ مل کر متاثرین کی مدد کریں۔گورنرنے این ڈی ایم اے کے چیئرمین کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے قدرتی آفات میں صوبے کے متاثرین کو کبھی بھی تنہانہیں چھوڑا۔

اس موقع پر گورنر نے مئیر پشاور سمیت تمام اضلاع کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کو بھی اپنے اپنے علاقوں میں بارشوں کے دوران نکاسی آب کی صورتحال بہتر بنانے میں ضلعی انتظامیہ و عوام علاقہ کے ساتھ ملکر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حفاظتی پیشگی اقدامات و تدابیر سے جانی و مالی نقصانات سے بچا جا سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات میں ہمیشہ مل جل کر مشترکہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہوتی ہے۔ گورنرنے صوبے کی مخیرحضرات، بزنس کمیونٹی اور سوشل ورکرز پر بھی زوردیا کہ وہ متاثرہ علاقوں کے عوام کی مدد کریں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ بزنس کمیونٹی قدرتی آفات میں ہمیشہ کی طرح اب بھی متاثرین کی دل کھول کر مدد کریں گے۔