ہیلتھ کیئر سسٹم کو مضبوط کرنے کے لئے آبادی میں اضافہ اور اینٹی بائیوٹک مزاحمت جیسے چیلنجز سے نمٹنا ہو گا، ڈاکٹر مختار احمد

منگل 16 اپریل 2024 23:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کی پاپولیشن گروتھ 2.4 فیصد ہو چکی ہے، ملکی آبادی کم ہونے کی بجائے مسلسل اضافے کا شکار ہے، بیکٹیریا کی نت نئی اقسام کے آگے اینٹی بائیوٹکس غیر موثر ہو رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیپارٹمنٹ آف فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈیویلپمنٹ آفس کے گروپ ہیڈ گراہم سے وزارت صحت میں ہونے والی ملاقات میں کیا۔

اس موقع پر وزارت صحت کے ایڈوائزر ڈاکٹر صفی اور ڈیپارٹمنٹ آف فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈیویلپمنٹ آفس کے ہیلتھ ایڈوائزر ڈاکٹر بلال بھی موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ملک مختار احمد نے کہا کہ عام آدمی کی لا علمی، غیر ارادی حمل اور مانع حمل ادویات تک رسائی نہ ہونے کی وجہ سے آبادی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف ہیلتھ کیئر سسٹم بلکہ پورا انفراسٹرکچر دباؤ کا شکار ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ملک مختار احمد نے کہا کہ ہمیں صوبائی سطح پر اس موضوع پر بہت توجہ کرنے کی ضرورت ہے، صوبائی پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کو پرائمری ہیلتھ کیئر میں ضم کر دینا چاہئے تاکہ صحت کے ساتھ ساتھ اس موضوع پر بھی سنجیدہ اقدامات لئے جا سکے۔ ڈیپارٹمنٹ آف فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈیویلپمنٹ آفس کے گروپ ہیڈ گراہم نے کہا کہ حکومت برطانیہ اور بالخصوص ان کا ڈیپارٹمنٹ شروع سے ہی ہیلتھ سروسز کے شعبے میں حکومت پاکستان کا معاون رہا ہے، ہم پاکستان میں ایک جامع اور مضبوط ہیلتھ سسٹم کے خواہشمند ہیں۔

اینٹی بائیوٹک مزاحمت پر وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت کا کہنا تھا کہ اینٹی بائیوٹک کے بے تحاشا استعمال کی وجہ سے پاکستان میں اینٹی بائیوٹک مزاحمت خطرناک حد تک بڑھ رہی ہے،بیکٹیریا کی نت نئی اقسام کے آگے اینٹی بائیوٹکس غیر موثر ہو رہی ہیں ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کو اس ضمن میں سنجیدہ اقدامات لینا ہوں گے ۔ پولیو ورکرز کے حوالے سے ڈاکٹر ملک مختار احمد کا کہنا تھا کہ ہماری پولیو ٹیمیں بڑی جانفشانی اور اپنی زندگی کی پرواہ کیے بغیر اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہیں، صحت مند پاکستان کے لئے وفاقی حکومت اس بات پر بھی غور کر رہی ہے کہ مستقبل میں عام آدمی کی نیوٹریشن اور ہائجین کو بہتر بنانے کے لئے پولیو ورکرز کے ذریعے سپلیمنٹ اور ہائجین آئٹمز جیسے صابن، ہینڈ واش وغیرہ تقسیم کیا جائے۔

مزید برآں ملاقات میں ہیلتھ کیئر کے پیچیدہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے بین الاقوامی تعاون اور اشتراک کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت نے پاکستان میں ہیلتھ کیئر کے اہداف کو آگے بڑھانے میں مسلسل تعاون اور شراکت داری پر ایف سی ڈی او کا شکریہ ادا کیا۔