متحدہ عرب امارات طوفانی بارشوں کی زد میں، دبئی ائیرپورٹ پر درجنوں پروازیں منسوخ

غیر معمولی موسمی صورتحال جاری رہنے کے باعث دبئی ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن مزید متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا گیا

muhammad ali محمد علی منگل 16 اپریل 2024 20:51

متحدہ عرب امارات طوفانی بارشوں کی زد میں، دبئی ائیرپورٹ پر درجنوں پروازیں ..
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اپریل2024ء) متحدہ عرب امارات طوفانی بارشوں کی زد میں، دبئی ائیرپورٹ پر درجنوں پروازیں منسوخ، غیر معمولی موسمی صورتحال جاری رہنے کے باعث دبئی ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن مزید متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا گیا۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق منگل کے روز شدید طوفانی موسم کے باعث دبئی ائیرپورٹ پر مجموعی طور پر 45 پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔

طوفانی موسم کی وجہ سے دبئی ائیرپورٹ پر 25 منٹ تک فلائٹ آپریشن معطل رکھا گیا، 21 آوٹ باونڈ جبکہ 24 ان باونڈ پروازیں منسوخ کی گئیں، 3 پروازوں کو قریبی ائیرپورٹ بھی منتقل کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں مزید بارشوں کے امکان کے پیشن نظر دبئی ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بدھ کے روز بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سیلابی صورتحال کے باعث ائیرپورٹ تک رسائی میں مشکلات درپیش ہیں، لہذا اپنی پرواز کا اسٹیٹس معلوم کرنے کے بعد ہی دبئی ائیرپورٹ کا رخ کریں۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں ہونے والی شدید بارشوں نے تباہی مچا دی جس سے نظام زندگی بری طرح سے مفلوج ہوگیا۔ متحدہ عرب امارات کے محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کی صبح سے منگل کی دوپہر تک گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی جبکہ مختلف علاقوں میں کلائوڈ برسٹ بھی ہوا۔ شدید بارشوں کے باعث متحدہ عرب امارات کی کئی ریاستوں اور شہروں میں سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ رہائشی علاقوں میں سیلابی صورت حال ہوگئی ہے اور بارش کا پانی گھروں، مالز، میٹرواسٹیشن اور دیگر مقامات میں داخل ہوگیا ہے۔

اماراتی محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا جمعرات تک بادل گرج چمک کے ساتھ برسیں گے۔ یو اے ای حکام نے عوام کو گھروں میں رہنے کی تاکید کی ہے اور کہا ہے کہ وہ صرف انتہائی ضروری کام کی صورت میں گھروں سے نکلیں۔ حکام نے عوام سے یہ بھی کہا کہ وہ زیادہ پانی والی جگہ سے دور تھوڑے اونچے مقام پر اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکل پارک کریں۔ عرب میڈیا کے مطابق سکولوں کو فوری طور پر آن لائن کردیا گیا ہے جبکہ تمام سرکاری ملازمین کو آئندہ دو روز کیلئے گھر سے کام کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔