Live Updates

حکومت سے ڈیل کے نتیجے میں عمران خان کسی صورت رہا نہیں ہوں گے

اگر عدلیہ کیسزمیں انصاف کے تقاضے پورے کرے ، تو امید ہے کہ اسی مہینے تینوں کیسز ختم ہوجائیں گے اور عمران خان رہا ہوجائیں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 16 اپریل 2024 21:22

حکومت سے ڈیل کے نتیجے میں عمران خان کسی صورت رہا نہیں ہوں گے
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 اپریل 2024ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ حکومت سے ڈیل کے نتیجے میں عمران خان کسی صورت رہا نہیں ہوں گے،اگر عدلیہ کیسزمیں انصاف کے تقاضے پورے کرے ، تو امید ہے کہ اسی مہینے تینوں کیسز ختم ہوجائیں گے اور عمران خان رہا ہوجائیں گے۔ انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں مذاکرات کے دروازے بند نہیں ہوتے،اس حکومت کے ساتھ ہم کیا مذاکرات کریں؟کل پارلیمنٹ کا سیشن ہم نے 184تھری کے تحت بلایا تھا، جوڈیشری پر بات ہونی تھی لیکن اسپیکر نے ہمیں بولنے کا موقع نہیں دیا، جہاں تک عمران خان کی رہائی کا تعلق ہے، عمران خان حکومت کے ساتھ ڈیل کے نتیجے میں کسی صورت رہا نہیں ہوں گے، ہم عدالتوں میں جاچکے ہیں، یہ سیاسی نتقامی کیسز ہیں، بغیر دلائل کے فیصلے دیئے گئے، اگر عدلیہ کیسز کو کھلے دل کے ساتھ انصاف کے تقاضے پورے کرے ، تو امید ہے کہ اسی مہینے ہمارے تینوں کیسزکے فیصلے ختم ہوجائیں گے اور عمران خان رہا ہوجائیں گے، عمران خان کو عید سے پہلے ہی رہا ہوجانا چاہیئے تھا،جو کیس چل رہا ہے اس کی اپیل میں اتنا ٹائم نہیں لگنا چاہیے، توشہ خانہ نیب کا کیس ہے ، نیب کے پراسکیوٹر نے خود تسلیم کیا کہ اس کیس کے فیصلے کو معطل کردیا جائے۔

(جاری ہے)

القادر ٹرسٹ کیس میں تو عمران خان ٹرسٹی ہیں ، کچھ لینے دینے کی بات نہیں۔ آج عمران خان سے ملاقات کیلئے گئے تو درمیان میں شیشہ تھا،ان کا پلان ہے کہ عمران خان کو جیل میں زیادہ عرصہ رکھا جائے گا، شیشہ اس لئے رکھا کہ میں اور عمران خان کان میں سرگوشی کرتے تھے وہ نہ کرسکیں، یہ ہائیکورٹ کے حکم کی خلاف ورزی ہے۔ میں پارٹی امور سے متعلق تمام ہدایات عمران خان سے لیتا ہوں، میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ میں عمران خان کا متبادل نہیں ہوں، میرے پارٹی میں ہمارے اختلافات ہوتے بھی رہتے ہیں، لیکن ہمارا اتحاد برقرار ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات