پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں سعودی وفد کی ملاقات

بدھ 17 اپریل 2024 00:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں سعودی وفد نے ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید تقویت دینے کےلیے باہمی مفادات اور پالیسیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعودی وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی پائیدار اور اسٹریٹجک نوعیت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

سعودی وزیر خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کو مسلسل تقویت دینے کےلیے متعدد جہتوں کی تلاش پر بھی زور دیا۔ آرمی چیف نے سعودی وفد کے دورے کو سراہا۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات پر گفتگو کی اور کہا کہ پاکستانی عوام اپنے سعودی بھائیوں کےلیے عقیدت اور محبت کا اظہار کرتے ہیں۔آرمی چیف نے دونوں ریاستوں کے درمیان بات چیت کے مثبت نتائج کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔