سعودی عرب، خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کی سیلاب اور بارش سےاموات پرعمان کےفرمانروا سے تعزیت

بدھ 17 اپریل 2024 08:30

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے اپنے الگ الگ بیانات میں سلطنت عمان کے فرمانروا ہیثم بن طارق سے ان کے ملک میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان پر ان سے تعزیت کی اور ان کے لیے ہمدری اورنیک تمناؤں کا پیغام بھیجا۔

ایس پی اےکے مطابق خادم حرمین شریفین کی طرف سے جاری تعزیتی پیغام میں کہا گیا ہے کہ ہمیں موسلا دھار بارشوں اور سیلاب سے سلطنت عمان میں شہریوں کے جانی نقصان کی افسوناک خبر ملی۔ ہمیں اس قدرتی سانحے پر گہرا دکھ ہے اور ہم مشکل کی گھڑی میں سلطنت عمان کی حکومت اور برادر عوام کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس سانحے میں فوت ہونے والے شہریوں کی مغفرت، زخمیوں کو جلد صحت ، پسماندگان کو صبرجمیل عطا فرمائے اور مالی نقصان سے دوچار ہونے والے شہریوں کے نقصان کا بہترازالہ فرمائے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیزنے بھی عمان کے سلطان ہیثم بن طارق کو موسلا دھار بارشوں سے متاثرین کے لیے تعزیت اور ہمدردی کا پیغام بھیجا۔ انہوں نے اس قدرتی سانحے کے متاثرین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی اور لاپتا شہریوں کی خیریت سے واپسی کی دعا کی۔خیال رہے کہ گذشتہ چند روز میں سلطنت عمان میں ہونے والی بارشوں اور سیلاب سے متعدد افراد جاں بحق اور کئی لاپتہ ہوگئے تھے۔