ہمارا ہدف لاہور، کراچی، اسلام آباد کے ہوائی اڈوں کو آﺅٹ سورس کرنا ہے،خواجہ آصف

اسلام آباد ایئر پورٹ آﺅٹ سورسنگ کیلئے مئی کے وسط تک تیار ہو جائے گا، اسلام آباد کے بعد لاہور اور کراچی ایئر پورٹ بھی آﺅٹ سورسنگ کیلئے تیار کر لئے جائیں گے،بیان

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 17 اپریل 2024 10:57

ہمارا ہدف لاہور، کراچی، اسلام آباد کے ہوائی اڈوں کو آﺅٹ سورس کرنا ہے،خواجہ ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 اپریل2024 ء) وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ہمارا ہدف لاہور، کراچی، اسلام آباد کے ہوائی اڈوں کو آﺅٹ سورس کرنا ہے، اسلام آباد کے بعد لاہور اور کراچی ایئر پورٹ بھی آﺅٹ سورسنگ کیلئے تیار کر لئے جائیں گے۔ اسلام آباد ایئر پورٹ آﺅٹ سورسنگ کیلئے مئی کے وسط تک تیار ہو جائے گا۔پی آئی اے کو جلد ہی یورپی یونین اور برطانیہ سے کلیئرنس مل جائے گی۔

ہم بھرپور طریقے سے اس معاملے پر کام کر رہے ہیں۔ویزا پالیسی کی مشکلات پر قابو پاکر ملک قابلِ رسائی بنانا ہے۔ ہماری ویزا پالیسی پرانی ہے، دہائیوں پرانی ذہنیت اب بھی کام کر رہی ہے، ویزا پالیسی کی مشکلات پر قابو پالیں گے۔خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ مسائل سے پوری طرح واقف ہیں، انہیں جلد حل کر لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اسلام آباد، لاہور اور کراچی ایئرپورٹس کو آوٹ سورس کرنے کا فیصلہ گزشتہ سال کیا گیاتھا۔

تینوں ایئرپورٹس کو آوٴٹ سورس کرنے کیلئے ٹینڈر جاری کر دیا گیا تھااور یہ ٹینڈر بین الاقوامی اخبارات میں جاری کئے گئے تھے۔ پہلے مرحلے میں اسلام آباد ایئرپورٹ اور دوسرے مرحلے میں لاہور اور کراچی کو آوٴٹ سورس کیا جائے گا، جبکہ اسکردو ایئرپورٹ کو بھی آوٴٹ سورس کرنے پر غور کیا جائے گا۔ ایئرپورٹس کی سیکیورٹی اور ایئر ٹریفک کنٹرولر کے شعبے سول ایوی ایشن کے پاس ہی رہیں گے۔

مجوزہ فریم ورک کے تحت ایئر پورٹ ٹرمینل سروسز، پارکنگ، گراوٴنڈ ہینڈلنگ، کارگو سروسز اور صفائی کے شعبوں کو آوٴٹ سورس کیا جائے گا، جبکہ سکیورٹی اور ایئر ٹریفک کنٹرول جیسے شعبے سول ایوی ایشن ہی کے کنٹرول میں ہوں گے۔اس حوالے سے ایوی ایشن حکام کا کہنا تھاکہ پاکستان کو ہوائی اڈوں سے سالانہ 30 ارب روپے کی آمدن حاصل ہوتی ہے، جبکہ آوٴٹ سورسنگ کرنے سے نہ صرف آمدن میں کئی گنا اضافہ ہوگا بلکہ بین الاقوامی کمپنیوں سے معاہدے ڈالرز میں طے کئے جائیں گے، جس سے حکومت کو ملک میں ڈالرز کے ذخائر بڑھانے کا ایک ذریعہ ملے گا۔