امریکہ پاکستان کے قرضوں کے بوجھ کو سنبھالنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کرتا ہے. ترجمان امریکی محکمہ خارجہ

ہم پاکستانی حکومت کو ترغیب دیتے ہیں کہ وہ اپنے معاشی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اقتصادی اصلاحات کو ترجیح دے اور اس میں توسیع کرے. میتھیو ملر کی واشنگٹن میں بریفنگ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 17 اپریل 2024 13:51

امریکہ پاکستان کے قرضوں کے بوجھ کو سنبھالنے کے لیے کی جانے والی کوششوں ..
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔17 اپریل۔2024 ) پاکستان نے اپنی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے پیش رفت کی ہے اور امریکہ پاکستان کے قرضوں کے بوجھ کو سنبھالنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کرتا ہے امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے واشنگٹن میں بریفنگ کے دوران نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم گذشتہ ماہ کے اس اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ عملے کی سطح کا معاہدہ کیا ہے.

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی وزیر خزانہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے ملاقاتوں کے لیے یہاں واشنگٹن میں ہیں پاکستان نے اپنی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے پیش رفت کی ہے اور ہم اس کے قرضوں کے بوجھ کو سنبھالنے کے لیے اس کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں. انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی حکومت کو ترغیب دیتے ہیں کہ وہ اپنے معاشی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اقتصادی اصلاحات کو ترجیح دے اور اس میں توسیع کرے.

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی کامیابی کے لیے ہماری حمایت غیر متزلزل ہے اور ہم پاکستان کے ساتھ تکنیکی معاہدوں کے ساتھ ساتھ اپنے تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کے ذریعے رابطے جاری رکھیں گے، یہ سب ہمارے دوطرفہ تعلقات کی ترجیحات ہیں. پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے سوال کے جواب میں میتھیو ملر نے کہاکہ امریکہ اس کے بیچ میں آنے والا نہیں ہے لیکن ہم ہندوستان اور پاکستان دونوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ کشیدگی سے گریز کریں اور بات چیت کے ذریعے حل تلاش کریں.

بیرون ممالک قتل کی کوششیں کرنے والوں پر پابندیاں اور بھارت کے ساتھ خاص نرمی کے حوالے سے سوال کے جواب میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ میں پابندیوں کی کارروائیوں کا جائزہ نہیں لوں گا جس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ کوئی پابندی لگنے والی ہے لیکن جب آپ مجھ سے پابندیوں کے بارے میں بات کرنے کو کہتے ہیں تو یہ ایسی چیز ہے جس پر ہم کھل کر بات نہیں کرتے ہیں.