کوٹ مومن سرگودھا جھنگ موٹروے لنک روڈ کی تعمیر سے یہ علاقہ ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہوجائےگا،ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی

بدھ 17 اپریل 2024 16:25

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) رکن ِقومی اسمبلی ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی نے کہا ہے کہ کوٹ مومن سے براستہ سرگودھا سلانوالی جھنگ موٹروے لنک روڈ کی تعمیر کےلئے فنڈز آئندہ بجٹ میں مختص کرنے کےلئے باقاعدہ طور پر درخواست کر دی گئی ہے تاکہ اس علاقہ کی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوسکے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) جب بھی اقتدار میں آئی اس نے ملک بھر میں بلا تفریق سڑکوں کا جال بچھایا ، کو ٹ مومن سرگودھا،جھنگ موٹر وے لنک روڈ کی تعمیر سے یہ علاقہ ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہوجائےگا اور اس سے فاصلے کم ہونے کے ساتھ ساتھ عام شاہراؤں پر ٹریفک کے دباؤ میں بھی کمی آئےگی اور سی پیک تک مختلف شہروں کو رسائی حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی نے کہا کہ سرگودھا میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ہسپتال کے منصوبے پر کام کا آغاز ہونے جارہا ہے جبکہ سرگودھا میں برن ہسپتال اور یہاں پر مولا بخش ہسپتال کو الگ چلڈرن ہسپتال کا درجہ بھی دیا جائے گا یقیناً یہ منصوبے سرگودھا کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔