سکھ یاتری ننکانہ صاحب ،سچا سودا پر حاضری ،مذہبی رسومات کی ادائیگی کے بعد کرتار پور پہنچ گئے

یاتریوں کو سخت سکیورٹی کے حصار میں کرتار پور لے جایا گیا ، 2روز قیام کے دوران مذہبی رسومات ادا کریں گے

بدھ 17 اپریل 2024 17:20

سانگلہ ہل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) بھارت سمیت دیگر ممالک سے آئے آئے سکھ یاتری ننکانہ صاحب اور سچا سودا پر حاضری اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کے بعد کرتار پور پہنچ گئے،جہاں و ہ 2روز قیام کریں گے ۔تفصیلات کے مطابق بیساکھی تہوار کی تین روزہ تقریبات جو گوردواہ حسن ابدال پنجہ صاحب میں جاری تھیں جس میں جرمنی، امریکہ، کینیڈا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور بھارت سے 2475سکھ یاتریوں نے شرکت کی تھیں ۔

پنجہ صاحب میں بیساکھی کی تین روزہ تقریبات اختتام پذیر ہونے پر بھارتی سکھ یاتریوں کو تین خصوصی ٹرینوں کے ذریعے ننکانہ صاحب پہنچایا گیا تھا ۔سکھ یاتریوں کا گوردواہ جنم استھان پہنچنے پر ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد ارشد، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صاعد عزیز اور محکمہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے افسران نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے اور گلاب کے پھولوں کے ہار پہنا کر ان کا شاندار استقبال کیا ۔

(جاری ہے)

حکومت پاکستان کی جانب سے سکھ یاتریوں کی رہائش، لنگر اور ٹرانسپورٹ کا بہترین انتظام کیا گیا تھاجس پر سکھ یاتری بہت خوش دکھائی دیے اور ننکانہ میں تمام گوردوارہ جات میں سی سی ٹی وی کمرے، واک تھرو گیٹ اور سکینر لگاے تھے جس میں سکھ یاتریوں کو گزار کر گوردواروں میں داخل کیا جاتا تھااور گوردوارہ جات سے ملحقہ تما م راستوں کو خار دار تاریں اور بیرز لگا کر عام افراد کا داخلہ بند کیا گیا تھا ،اگر سکیورٹی کے حوالے سے بات کی جائے تو 1600سے زائد پنجاب پولیس، ایلیٹ فورس اور ٹریفک کے اہلکار تعینات تھے سکھ یاتریوں کو سچا سودا فاروق آباد بھی یاترا کے لئے لیجا یا گیا جہاں پر یاتریوں نے اپنی مذہبی رسومات ادا کیں اور دوبارہ گوردوارہ جنم استھان آئے ۔

سکھ یاتریوں نے گورد وارہ جنم استھا ن میں اپنی مذہبی رسومات ماتھا ٹیکی، اشنان، شبد کیرتن اور ارداس سمیت اپنی دیگر مذہبی رسومات ادا کرنے کے بعد یاتریوں کو خصوصی بسوں، کوچز اور بھارتی سکھ یاتریوں کو تین خصوصی ٹرینوں کے ذریعے کرتار پور روانہ کردیا گیا ہے جہاں پر وہ اپنی مذہبی رسومات ادا کریں گے۔بورڈ ترجمان کے مطابق یاتریوں کو سخت سیکورٹی کے حصار میں کرتار پور روانہ کیا گیا، سکھ رہنمائوں نے متروکہ وقف املاک بورڈ اور شرائنز برانچ کی جانب سے کیے گئے انتظامات تسلی بخت قرار دیا۔بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز رانا شاہد سلیم کا کہنا ہے کہ یاتریوں کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں اور سکھ رہنماں کا ہمارے اقدامات سراہنا باعث فخر ہے۔