سی ٹی ڈی نے سوشل میڈیا پر بدامنی پھیلانے والے2836 پیجز او ر سائٹس کو بلا ک کر دیا

ٹوئٹرپر چلنے والے 17 سیاسی ٹرینڈز حساس ہیں، سیاسی ٹرینڈز میں عام انتخابات اور اداروں کو ٹارگٹ کیا گیا، سوشل میڈیا پر متحرک 2 نئی تنظیموں کی نشاندہی بھی کی گئی،رپورٹ

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 17 اپریل 2024 16:28

سی ٹی ڈی نے سوشل میڈیا پر بدامنی پھیلانے والے2836 پیجز او ر سائٹس کو بلا ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 اپریل2024 ء) کاوٴنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے سوشل میڈیا پر بدامنی پھیلانے والے 2 ہزار 836 پیجز اور سائٹس بلاک کردیں، ٹوئٹرپر چلنے والے 17 سیاسی ٹرینڈز حساس ہیں، سیاسی ٹرینڈز میں عام انتخابات اور اداروں کو ٹارگٹ کیا گیا۔سی ٹی ڈی حکام کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر متحرک 2 نئی تنظیموں کی نشاندہی بھی کی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کاوٴنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے3ماہ کے دوران سوشل میڈیا ٹرینڈزکی رپورٹ مرتب کرلی۔حکام کا کہنا ہے کہ قوم پرستی، بلوچستان اور گوادر سے متعلق 10 ٹرینڈز کو مانیٹر کیا گیا، ٹرینڈ کے ذریعے بدامنی پھیلانے والوںکیخلاف کارروائی کی جائے گی۔سی ٹی ڈی کی رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے سوشل میڈیاپر ملک دشمن ٹرینڈنگ زیادہ تر بیرون ملک بیٹھے افرادنے کی۔

(جاری ہے)

ٹرینڈنگ میں پنجاب پولیس اور اعلی ٰشخصیات پر بے جا تنقید کی گئی جبکہ فرقہ ورانہ بنیادوں پرچلنے والے 9 ٹرینڈز کی نشاندہی کی گئی ہے۔خیال رہے کہ چند روزقبل اسلام آباد پولیس کے پرتشدد انتہا پسندی کی روک تھام کے یونٹ نے نفرت انگیز مواد پھیلانے میں ملوث 462 سوشل میڈیا اکاوٴنٹس کو بلاک کر دئیے تھے۔ پولیس کا کہناتھا کہ یہ یونٹ مذہبی، فرقہ وارانہ اور لسانی منافرت پھیلانے اور ملک اور اداروں کے خلاف پروپیگنڈے کو روکنے کیلئے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے اکاوٴنٹس کی جانچ اور چھان بین کرتا ہے۔

یونٹ نے نفرت انگیز مواد پھیلانے والی سرگرمیوں میں ملوث ایکس (ٹوئٹر)، فیس بک اور دیگر پلیٹ فارمز کے ایک ہزار 522 اکاوٴنٹس کا سراغ لگایا تھا اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو خط لکھ کر ان اکاوٴنٹس کو بند کرنے پر زور دیاتھا۔جس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے اب تک ان میں سے 462 اکاوٴنٹس بلاک کر دئیے گئے تھے۔