ً معیشت کے حوالے سے مثبت خبریں وزیر اعظم کی بھر پور محنت کا نتیجہ ، وفاقی وزیر اطلاعات

ةعالمی سطح پر پاکستان کو پذیرائی مل رہی ہے ۔ سعودی وفد کا دورہ انتہائی سود مند رہا، عطا تارڑ & پاکستان تمام ممالک کے ساتھ بہترین اقتصادی اور تجارتی تعلقات کا خواہاں ہے ، میڈیا سے گفتگو

بدھ 17 اپریل 2024 18:10

-اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2024ء) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ معیشت کے حوالے سے مثبت خبریں وزیر اعظم اور انکی کابینہ کی بھر پور محنت کا نتیجہ ہیں ۔ عالمی سطح پر پاکستان کو پذیرائی مل رہی ہے ۔ سعودی وفد کا دورہ انتہائی سود مند رہا ، اربوں کی سرمایہ کاری پر اتفاق ہوا ، آئندہ چند دنوں میں اعلی سطح سعودی نجکاری وفد بھی پاکستان آرہا ہے ، اپوزیشن کو بھی دعوت دیتے ہیں کہ انتشار کی سیاست چھوڑ کر قانون سازی اور معیشت کی بحالی میں ہمارا ساتھ دے ۔

کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹریٹجک لوکیشن اور نیو کلئیر سٹیٹ ہے ۔ جو کہ ہم سب کے لئے باعث فخر ہے ۔ حکومت معیشت کی بحالی کے لئے کلیدی کردار ادا کر رہی ہے جلد اس کے ثمرات عام آدمی تک بھی پہنچیں گے ۔

(جاری ہے)

معیشت کے حوالے سے مثبت خبریں ہماری کامیابی ہے ۔ عالمی جریدے بھی اس کا ادراک کر رہے ہیں ۔ وزیر اعظم اور پو ری کابینہ انتہائی لگن سے معیشت کی بہتری کے لئے کوشاں ہے اور ان مثبت خبروں کے پیچھے بھی حکومت کے بہترین فیصلے ہیں ۔

انہوں نے کہا پاکستان کے اندر بے پناہ قدرتی وسائل موجود ہیں ۔ دنیا بھی اس کو تسلیم کرتی ہے بس ہمیں ان وسائل سے مستفید ہونے کے لئے پالیسیاں بنانی ہیں ۔وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کو انتاہائی کامیاب قرار دیتے ہوے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی اب کامیابی کی جانب گامزن ہے ۔ اور اسکا ثبوت سعودی وفد کا دورہ پاکستان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد اور وزیر خارجہ کے مشکور ہیں کہ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی اتنی عمدہ میزبانی کی ۔

سعودی وفد کا دورہ انتہائی کامیاب رہا ۔ اربوں کی سرمایہ کاری پر اتفاق ہوا ۔ آئندہ چند ماہ کے اندر ایک سعودی نجی سیکٹر کا وفد بھی پاکستان آرہا ہے ۔ جو معاہدوں کو حتمی شکل دینے کے لئے اپنا کردار ادا کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ معاملات برق رفتاری کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں ۔ دوست ممالک پاکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں ۔

دنیا میاں شہباز شریف کی قیادت کی معترف ہے ۔ سعودی عرب کا معدنیات ، زراعت ، کان کنی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کار ی کے لئے اتفاق کرنا ہماری معیشت پر گہرے اثرات مرتب کرے گا ۔ انہوں نے کہا کابینہ اجلاس میں سعودی وفد کے دورے کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ۔ گندم کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ رواں سال گندم کی بمپر پیدا وار متوقع ہے ۔

حکومت نے گندم کی خریداری کا ہدف بڑھانے کے لئے چاروں صوبوں کو خطوط بھی لکھے ہیں ۔ انہوں نے کہا سعودی وفد سے ملاقات میں غزہ صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے ۔ سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اپوزیشن کا پہلا جلسہ نا کام رہا ۔ تحریک انتشار اپنی ہی صفوں میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار دکھائی دے رہی ہے انکا ایک رہنما کچھ بیان دیتا ہے تو دوسرا کچھ اور کہتا ہے ۔

جو تقاریر ہوئیں ان سے لگتا ہے یہ کمپنی چلنے والی نہیں ۔ بین الاقوامی وفود کی آمد پر تنقید کے علاوہ اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں ۔ انہوں نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ انتشار کے ب جائے مفاہمت کی سیاست اپنائیں اور قانون سازی اور معیشت کی بحالی میں حکومت کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا پاکستان تمام ممالک سے بہترین تعلقات کا خواہاں ہے ۔ وزیر خزانہ کی امریکہ میں ملاقاتیں جاری ہیں ۔ ہم تمام ممالک کے ساتھ بہترین اتصادی اور تجارتی تعلقات کے لئے کوشاں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نو مئی کے تمام کیسز جلد منطقی انجام کو پہنچیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے کی وجہ سے پٹرول اور ڈیزل مہنگا کرنا پڑا ۔