پاکستان ویسٹ انڈیزویمنز ون ڈے سیریز(کل) سے کراچی میں شروع ہوگی

بدھ 17 اپریل 2024 18:34

پاکستان ویسٹ انڈیزویمنز ون ڈے سیریز(کل) سے کراچی میں شروع ہوگی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) پاکستان ویمنز ٹیم ندا ڈار کی قیادت میں ( کل) جمعرات سے ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم کے خلاف ون ڈے سیریز میں مدمقابل ہوگی، سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کاحصہ ہے، تین میچوں کی سیریز کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل جمعرات کو کراچی کے نیشنل بینک سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ سیریز کے بقیہ دو ون ڈے انٹرنیشنل 21 اور 23 اپریل کو نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں ہی کھیلے جائیں گے جس کے بعد یہ اسٹیڈیم 26 اپریل سے 3مئی تک پانچوں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی میزبانی بھی کرے گا۔

پاکستان ویمنز ٹیم اس وقت آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں 16 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ ویسٹ انڈیز اس وقت آٹھ پوائنٹس کے ساتھ چیمپئن شپ میں نویں نمبر پر ہے۔

(جاری ہے)

پہلے دو ون ڈے صبح ساڑھے نو بجے شروع ہونگے جبکہ تیسرا ون ڈے سہ پہرساڑھے تین بجے شروع ہوگا۔ شائقین کی سہولت کے لیے سٹیڈیم میں داخلہ مفت ہے اور شائقین جاوید میانداد انکلوژر سے کھیل سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان ندا ڈار نے اس موقع پر کہا کہ ہمیں آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں براہ راست کوالیفائی کرنے کے لیے اس سیریز کی اہمیت کا بخوبی اندازہ ہے اور ہم نے اس کے لیے بہت محنت کی ہے۔ سیریز سے پہلے تربیتی کیمپ میں ہمارے کوچز نے ہماری مہارتوں کو نکھارنے اور ہماری فٹنس کو مضبوط بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ ندا ڈار نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کا ہمارے خلاف ون ڈے میں اچھا ٹریک ریکارڈ ہوسکتا ہے لیکن ہم بہترین کرکٹ کھیل رہے ہیں اور ہم آنے والی سیریز میں اس کارکردگی کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارا مقصد اپنی حالیہ کامیابیوں کو آگے بڑھانا اور ایک سخت حریف کے خلاف اچھی پرفارمنس دینا ہے۔

ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم کی کپتان ہیلی میتھیوز نے کہا کہ پاکستان ایک خطرناک حریف ہے، خاص طور پر اپنے ہوم گرائونڈ میں ۔ ان کے پاس ایک باصلاحیت سکواڈ ہے جو کسی بھی لمحے کھیل کا رخ موڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ہم چیلنج کے لیے تیار ہیں اور ہم اپنے گیم پلان کو عملی جامہ پہنانے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ دبئی میں ایک ہفتے کے تربیتی کیمپ نے ہمیں پاکستان کے خلاف اہم سیریز کے لیے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے بہترین پلیٹ فارم فراہم کیا۔

ہم نے کراچی میں بھی دو اچھے ٹریننگ سیشن کیے ہیں، اب ہماری توجہ سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے مقامی حالات کے مطابق ڈھالنے پر مرکوز ہے۔ آسٹریلیا کی خاتون امپائر کلیر پولوساک سیریز کے تینوں ون ڈے اور پانچوں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گی۔ ان کے ساتھ عبدالمقیت، عمران جاوید اور ناصر حسین ون ڈے سیریز میں آن فیلڈ امپائرز ہونگے جبکہ سلیمہ امتیاز اور حمیرا فرح ریزرو امپائرز ہونگی۔

ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے لیے پاکستان سکواڈمیں ندا ڈار(کپتان)،عالیہ ریاض، بسمہ معروف، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، منیبہ علی، نجیہہ علوی(وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، سدرہ نواز(وکٹ کیپر)،طوبی حسن، ام ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔ویسٹ انڈیز اسکواڈ میں ہیلی میتھیوز(کپتان)،شیمین کیمبل(نائب کپتان)، عالیا الین، شامیلا کونیل، ایفی فلیچر،شیری این فریزر، جینیلیا گلاسگو، شینیل ہنری، زیدا جیمز، قیانا جوزف، چیڈین نیشن، کرشما رام ہارک، اسٹیفین ٹیلر، راشدا ولیمز اور کیٹ ولموٹ شامل ہیں۔

سیریز کے شیڈول کے مطابق 18اپریل کو پہلا ون ڈے انٹرنیشنل صبح ساڑھے نو بجے کھیلا جائے گا جبکہ 21اپریل کو دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل بھی صبح ساڑھے نو بجے کھیلا جائے گا۔ اسی طرح 23 اپریل کو تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل سہ پہر ساڑھے تین بجے کھیلا جائے گا۔