کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی زیرِ صدارت پاک نیوزی لینڈ کرکٹ میچز میں سکیورٹی و میونسپل انتظامات کے حوالے سے اجلاس

پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ دو ٹی ٹونٹی میچز کا انعقاد 25اپریل اور 27اپریل 2024 کو نشتر کمپلیکس قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا

بدھ 17 اپریل 2024 18:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی زیرِ صدارت پاک نیوزی لینڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ میچز میں سکیورٹی و میونسپل انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ دو ٹی ٹونٹی میچز کا انعقاد 25اپریل اور 27اپریل 2024 کو نشتر کمپلیکس قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔ پی سی بی افسران نے کمشنر لاہور کو پاک نیوزی لینڈ کرکٹ میچز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

کمشنر لاہور نے کہا کہ پاک نیوزی لینڈ ٹیموں کا سٹیٹس وی وی آئی پی ہو گا اور اس کے مطابق ہی ٹریفک پولیس کی جانب سے بہترین ٹریفک پلان ترتیب اور مشتہر کیا جائیگا۔ کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے کہا کہ120 واک تھرو گیٹس اور336 ایکسٹرا سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے اوراس کے ساتھ ساتھ پی سی بی کنٹرول روم کے علاوہ خصوصی کنٹرول رومز بھی بنیں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے واضح کیا کہ سکیورٹی پوائنٹ آف ویو سے ہر بلائنڈ جگہ پر لائٹنگ کی جائے گی اور اس پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ میچز کے دوران صفائی کا اعلی معیار قائم رکھنے کیلئے ایل ڈبلیو ایم سی کے 355 ورکرز واہلکار صفائی کی ذمہ داری پر تفویض ہونگے اور سٹیڈیم میں لِٹرنگ کرنے والے تماشائیوں پر جرمانہ بھی عائد کیا جائیگا۔

انھوں نے ہدایات دیں کہ سٹیڈیم کے اندر اشیائے خورونوش کی قیمتوں اور سٹینڈرڈز پر سخت چیک لگائیں۔ تمام محکمے شیڈول اور طریقہ کار کیمطابق پاک نیوزی لینڈ میچز کے کامیاب انعقاد اورٹیموں کی موومنٹ کے دوران اس بات کو یقینی بنائیں کہ شہریوں کو کم سے کم مشکلا ت پیش آئیں۔ اجلاس میں پولیس،ضلعی انتظامیہ،ٹریفک پولیس،ریسکیو 1122، پی سی بی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔