Live Updates

ملک میں جنگل کا قانون ہے جس کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری نہیں آئے گی، عمران خان

بادشاہ چاہتا ہے تو 5 دن میں ہمیں 3 کیسز میں سزا دے دی جاتی ہے، بادشاہ چاہتا ہے تو نواز شریف کے تمام کیسز معاف ہو جاتے ہیں، بانی پی ٹی آئی

بدھ 17 اپریل 2024 18:42

ملک میں جنگل کا قانون ہے جس کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری نہیں آئے گی، ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں جنگل کا قانون ہے جس کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری نہیں آئے گی اور ملک کا مستقبل خطرے میں ڈالا جا رہا ہے۔بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے ایک مرتبہ پھر آئی ایم ایف سے قرض لیے جانے کے حوالے سے کہا کہ قرض لینے سے معیشت اور کرنسی مستحکم نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین کی حکمرانی ہے نہ قانون کی اور نہ ہی جمہوریت کی، ملک میں جنگل کا قانون ہے اور جنگل کے بادشاہ کا قانون بہاول نگر واقعے سے ثابت ہوگیا۔عمران خان نے کہا کہ بہاول نگر میں قانون توڑ کر پولیس کو پھینٹا لگایا گیا، واقعے پر آئی جی اور وائسرائے نے معافی مانگی، طاقتور نے پھینٹا بھی لگوایا اور معافی بھی منگوائی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ وائسرائے نے کہا کہ یہ ہمارے بھائی ہیں لیکن ایسا سلوک بھائیوں سے نہیں غلاموں سے کیا جاتا ہے۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ سب جنگل کا بادشاہ کر رہا ہے اور ملک میں جنگل کا قانون ہے، اسی جنگل کے قانون کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری نہیں آئے گی اور ملک کا مستقبل خطرے میں ڈالا جا رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ بادشاہ چاہتا ہے تو 5 دن میں ہمیں 3 کیسز میں سزا دے دی جاتی ہے، بادشاہ چاہتا ہے تو نواز شریف کے تمام کیسز معاف ہو جاتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال میں پاکستانیوں نے دبئی میں ریکارڈ سرمایہ کاری کی، ملک میں سرمایہ کاری نہ آنے سے قرضے اور غربت بڑھے گی اور تنخواہ دار اور غریب آدمی مارا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر جنگل کے بادشاہ کا نام لیا تھا اور میرے بیان کے بعد عدالت میں اضافی شیشے اور دیواریں بنا دی گئیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات