لندن میں نواز شریف کے سکیورٹی گارڈ پر خاتون پر تھوکنے کی فرد جرم عائد

عدالت کو باور کروائیں گے کہ فرید نیموچی ایسی شخصیت کی حفاظت کر رہا تھا جس کی جان کو خطرہ تھا، عدالت میں ثابت کریں گے کہ فرید نیموچی نے کوئی قانون نہیں توڑا۔ محافظ کے وکیل کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 18 اپریل 2024 12:45

لندن میں نواز شریف کے سکیورٹی گارڈ پر خاتون پر تھوکنے کی فرد جرم عائد
لندن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اپریل 2024ء ) لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے محافظ فرید نیموچی پر خاتون پر تھوکنے پر فرد جرم عائد کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ میں کراؤن پراسیکیوشن سروس نے پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے ڈرائیور اور سکیورٹی گارڈ کے خلاف لندن میں ایک خاتون پر تھوکنے کر پر فرد جرم عائد کردی ہے، سی پی ایس نے لندن میں مقیم برونائی کی شہری پنزانی چیمہ کی شکایت کے بعد فرید نیموچی پر "کامن اسالٹ" کا الزام عائد کیا ہے۔

یہ واقعہ گزشتہ سال ستمبر میں اس وقت پیش آیا جب خاتون نواز شریف کے پاس پہنچی جو اپنے گارڈ کے ساتھ اپنی گاڑی میں بیٹھے تھے، خاتون ان کی فلم بندی اور ان سے سوال کرنے لگی، نیموچی نواز شریف کو اپنے بیٹے حسن نواز کے دفتر سے گھر پہنچانے کیلئے گاڑی میں لے جارہے تھے، اس دوران پنزانی چیمہ نے گاڑی کی ونڈو پر دستک دی، سلام کیا اور نواز شریف کو ’انتہائی کرپٹ سیاستدان‘ کہہ دیا، جواب میں نیموچی نے خاتون کے چہرے پر تھوک دیا، گاڑی کی کھڑکی بند کردی اور وہاں سے روانہ ہوگئے، تاہم خاتون کے فون سے بننے والی اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

(جاری ہے)


بتایا گیا ہے کہ ویسٹ منسٹر مجسٹریٹس کی عدالت میں پیش ہوتے ہوئے نیموچی نے اپنے وکیل معین خان کے ساتھ بے قصور ہونے کی درخواست داخل دائر کی، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ چیمہ پر تھوکنے کے الزامات کا مقابلہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جب کہ خاتون عدالت میں موجود نہیں تھیں، سماعت کے دوران پراسیکیوٹر نے مبینہ طور پر تھوکنے کے واقعے سے چیمہ کو ہونے والی تکلیف اور صدمے پر روشنی ڈالی، جج نے نیموچی کو بغیر کسی شرط کے ضمانت دے دی، مقدمے کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے جون یا جولائی میں دوبارہ مقرر کرنے کا عندیہ دے دیا۔

فرید نیموچی کے وکیل معین خان نے اپنے مؤکل کی بے گناہی پر زور دیا اور کہا کہ "ہم یہ ظاہر کرنے کی کوشش کریں گے کہ ہمارے مؤکل نے کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی، واقعہ کے وقت کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے فرید قتل کی دھمکیوں کا سامنا کرنے والے ایک ہائی پروفائل فرد کی حفاظت کر رہا تھا، فرید نیموچی اپنے شعبے میں ایک ماہر پیشہ ور ہے اور وہ برطانیہ کے قانون کے تحت جرم ثابت ہونے تک بے گناہی کے تصور کا حقدار ہے"۔