تمام متعلقہ وزارتیں و شعبے ان منصوبوں میں گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ معاہدوں کے ساتھ بزنس ٹو بزنس منصوبوں پر خصوصی توجہ دیں،وزیر اعظم

سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے پیش رفت کا وہ خود جائزہ لیں گے اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی لاپرواہی قبول نہیں کریں گے، شہبازشریف کا اجلاس سے خطاب

جمعرات 18 اپریل 2024 16:57

تمام متعلقہ وزارتیں و شعبے ان منصوبوں میں گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ معاہدوں ..
اسلام آبا د(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) وزیراعظم شہبازشریف نے ہدایت کی ہے کہ تمام متعلقہ وزارتیں و شعبے ان منصوبوں میں گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ معاہدوں کے ساتھ ساتھ بزنس ٹو بزنس منصوبوں پر خصوصی توجہ دیں،سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے پیش رفت کا وہ خود جائزہ لیں گے اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی لاپرواہی قبول نہیں کریں گے۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت سعودی وفد کے حالیہ دورہِ پاکستان اور مختلف شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے اعلی سطحی جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس کو مختلف شعبوں میں سعودی وفد کی سرمایہ کاری میں دلچسپی اور پاکستان کی جانب سے منصوبوں کی پیش کش کے حوالے سے آگاہ کیا گیا. اجلاس کو بتایا گیا کہ دونوں ممالک کے مابین مزاکرات میں کان کنی و معدنیات، زراعت، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے شعبوں میں سرمایہ کاری پر گفتگو ہوئی۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان کو عالمی سپلائی چین اور ویلیو چین کا حصہ بنانے کیلئے اقدامات پر بھی گفتگو مذاکرات کا حصہ رہی جبکہ سعودی وفد نے پاکستان کی اس حوالے سے تیاری کی بھرپور انداز میں تعریف کی۔اجلاس کے شرکاء نے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کیلئے دوست ممالک کے وفود کی آمد کو موجودہ حکومت کی سفارتی محاذ پر کامیابی اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے خوش آئند قرار دیا۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت دی کہ تمام متعلقہ وزارتیں و شعبے ان منصوبوں میں گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ معاہدوں کے ساتھ ساتھ بزنس ٹو بزنس منصوبوں پر بھی خصوصی توجہ دیں اور اس حوالے سے پاکستان کی کاروباری برادری کو اعتماد میں لیا جائے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے پیش رفت کا وہ خود جائزہ لیں گے اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی لاپرواہی قبول نہیں کریں گے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء محمد اسحاق ڈار، خواجہ محمد آصف، جام کمال خان، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، رانا تنویر حسین، احسن اقبال، سالک حسین چوہدری، سردار اویس خان لغاری، عبدالعلیم خان، ڈاکٹر مصدق ملک، وزیرِ مملکت شزہ فاطمہ خواجہ، معاون خصوصی طارق فاطمی، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب خان، ارکان قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی، رومینہ خورشید عالم، وزیرِ اعظم کے کوارڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔