پیٹرول کی قیمتوں کو ریورس گئیر لگنا چاہئے، فرازالرحمان

جمعرات 18 اپریل 2024 20:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2024ء) پاکستان بزنس گروپ کے بانی چیئرمین فرازالرحمان نے کہا کہ حکومت کی ترجیح انڈسٹری کو سہولیات فراہم کرنے پر مرکوز نظر نہیں آتیں، صنعتکاروں پر بجلی، گیس، پٹرول اور اضافی ٹیکسز کا بوجھ ڈالا جا رہا ہے، ٹرانسپورٹیشن کے بڑھتے اخراجات نے صنعتکار کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، پیداواری لاگت بے انتہا بڑھنے سے انڈسٹری تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے،پیٹرول کی قیمتوں کو ریورس گئیر لگنا چاہئے۔

تاجر برادری کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے فراز الرحمان نے کہا کہ صرف دو ہفتوں کے دوران مجموعی طور پر حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 5 فیصد کا اضافہ کیا ہے جو موجودہ معاشی حالات میں ظلم کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

روسی خام تیل آج بھی بین الاقوامی منڈیوں کے مقابلے میں 30سی35 فیصد تک سستا ہے مگر حکمرانوں کو عوام کی کوئی فکر نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت پہلے ہی پٹرول اورڈیزل پر60روپے فی لیٹرلیوی وصول کررہی ہے اورتقریباً 82روپے ٹیکس بھی وصول کیا جا رہا ہے اسکے باوجود تیل کی قیمتوں میں اضافہ کرنے سے ملک میں مہنگائی مزید بڑھ جائے گی۔ تیل کی قیمتیں بڑھانے سے عوام کی قوت خرید مزید کم ہورہی ہے جبکہ ٹرانسپورٹ مہنگی ہوگئی ہے۔ مہنگائی سے پریشان عوام کوریلیف دینے کیلئے بجلی اور گیس کے شعبوں میں اصلاحات لا کر نقصانات کو ختم کیا جائے جبکہ ناکام سرکاری اداروں کو فوری طور پر پرائیویٹائز کیا جائے تو اربوں ڈالر سالانہ بچائے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے پالیسی سازبھی تیزی سے تبدیل ہوتے عالمی حالات پرنظررکھیں اورعوام کو مشرق وسطیٰ کی کشیدگی کے ممکنہ اثرات سے محفوظ رکھنے کے لئے منصوبہ بندی کریں کیونکہ عوام پہلے ہی مہنگائی اوربے روزگاری سے بہت پریشان ہیں اورمزید بوجھ برداشت کرنے کے قابل نہیں ہیں۔#