ڈیرہ غازی خان کے صوبائی حلقہ پی پی 290 میں ضمنی انتخابات 21اپریل کو ہوں گے

جمعہ 19 اپریل 2024 14:45

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) ڈیرہ غازی خان کے صوبائی حلقہ پی پی 290 میں ضمنی انتخابات 21اپریل کو ہوں گے، حلقہ میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 19لاکھ 39ہزار 560ہے۔اس حوالے سے ڈیرہ غازی خان کی ضلعی انتظامیہ کا اجلاس کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں آرپی او کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان،ریجنل الیکشن کمشنر شکیل احمد ،ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر امتیار احمد،ڈی آر او/ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک ،ڈی پی او احمد محی الدین،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن کریم بخش، آر او/پولیٹیکل اسسٹنٹ کوہ سلیمان محمد اسد چانڈیہ ،ڈی ایم او/سیکرٹری تعلیمی بورڈ عبدالرحمن اور دیگر افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی 1939560 ہے جن میں سے 88506 خواتین اور 105454 مرد شامل ہیں اور مختلف سیاسی جماعتوں و آزاد حیثیت سے 7امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بریفنگ میں بتایا گیا ہے حلقے میں 117 پولنگ سٹیشن بنائے گئے ہیں جن میں 12 انتہائی حساس اور 34 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔حساس اور انتہائی حساس پولنگ سٹیشن کی سرگرمیوں کو مانیٹر اور ویڈیو ریکارڈ مرتب کرنے کےلئے جدید کیمرے نصب ہوں گے۔

اس کے علاوہ سیکیورٹی معاملات میں معاونت کےلئے پاک فوج اور رینجرز کی بھی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔اجلاس میں پی پی 290 کے ضمنی انتخابات کے انتخابی سامان کی ترسیل،ٹرانسپورٹیشن پلان،سیکیورٹی امور اور دیگر معاملات کو حتمی شکل دی گئی۔اس موقع پر کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی پاسداری کےلئے سختی کی جائے گی اور پر امن انتخابات کےلئے ہر ممکن کردار ادا کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ تحصیل،ضلع اور ڈویژنل کنٹرول رومز کو فوری فنکشنل کیا جائے ۔اجلاس میں آر پی او نے کہا کہ سیکیورٹی معاملات میں کسی بھی صورت نرمی نہ برتی جائے اور پولیس کے جوان انتخابی سامان کی ترسیل اور ڈیوٹی شیڈول کے مطابق فرائض انجام دیں۔