اسلام آباد ہائیکورٹ کی پمز ہسپتال کے میڈیکل بورڈ کو پرویز الٰہی کی صحت کا دوبارہ جائزہ لینے کا حکم

قیصرہ الٰہی کی جانب سے دائر درخواست پر جسٹس ارباب محمد طاہر نے سماعت کی، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے عدالت میں پرویز الٰہی کی صحت سے متعلق رپورٹ جمع کرادی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 19 اپریل 2024 15:13

اسلام آباد ہائیکورٹ کی پمز ہسپتال کے میڈیکل بورڈ کو پرویز الٰہی کی ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 اپریل2024 ء) اسلا م آباد ہائیکورٹ نے پمز ہسپتال کے میڈیکل بورڈ کو سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی صحت کا دوبارہ جائزہ لینے کا حکم دیدیا،سابق وزیر اعلی پنجاب کی اہلیہ قیصرہ الٰہی کی جانب سے دائر درخواست پر جسٹس ارباب محمد طاہر نے سماعت کی۔ اہلیہ قیصرہ الٰہی اور بیٹا راسخ الٰہی وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے عدالت میں پرویز الٰہی کی صحت سے متعلق رپورٹ جمع کرادی جس میں بتایا گیا ہے کہ جیل میں ان کاعلاج کیا جا رہا ہے۔جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دئیے کہ 78 سالہ شخص کی کیا حالت ہو گی۔ سرکار کیا کر رہی ہے؟ سربراہ میڈیکل بورڈ نے بتایا کہ پرویز الٰہی کی طبیعت اب ٹھیک ہے۔ انہیں جیل واپس منتقل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

نمائندہ پمز ڈاکٹر نوید نے بتایا کہ پرویز الٰہی کو وزیرِ صحت کے کہنے پر جیل منتقل کرنے کا الزام بے بنیاد ہے، نمائندہ اڈیالہ جیل کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی کو سیکیورٹی وارڈ ٹو میں رکھا گیا ہے۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دئیے کہ پرویز الہی کی پسلیاں فریکچر ہونے کی رپورٹ پمز ہسپتال کی ہے، رپورٹ کہتی ہے کہ پرویز الٰہی کو اسٹنٹ ڈلے ہوئے ہیں، سانس لینے میں مشکل ہے، آپ کے، میرے والد بھی ہیں، ہم سب کو تھوڑا انسانیت کے ناطے دیکھنا ہو گا۔ پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی روسٹرم پر آ گئیںانہوں نے استدعا کی کہ پرویز الٰہی کو پمز ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا جائے۔

جسٹس ارباب طاہر نے استفسار کیا کہ کیا عدالت پرویزالٰہی کو جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دے سکتی ہے؟ قیصرہ الٰہی نے بتایا کہ اسی ہائی کورٹ نے شاندانہ گلزار اور شہریار آفریدی کو ہاوٴس اریسٹ کرنے کا حکم دیا تھا۔جج نے ریمارکس دیئے پرویز الٰہی اب ہمارے قیدی نہیں ہیں ہم نے یہ چیزیں بھی دیکھنی ہیں، ہاوٴس اریسٹ کا اختیار وفاقی یا صوبائی حکومت کے پاس ہے، آئندہ سماعت پر بتائیں کہ کیا عدالت حکومت کو ہاوٴس اریسٹ کیلئے ہدایت دے سکتی ہے؟بعد ازاں عدالت نے میڈیکل بورڈ کو جیل کا دورہ کر کے پرویز الٰہی کیس کا دوبارہ جائزہ لینے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔ کیس کی سماعت 22 اپریل تک ملتوی کر دی۔