ہائیکورٹ کا پرویز الٰہی کی درخواست پر حامیوں، اہل خانہ کو ہراساں نہ کرنے کا حکم

عدالت نے گجرات پولیس کو ہدایات جاری کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ کی درخواست نمٹا دی

جمعہ 19 اپریل 2024 20:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2024ء) لاہور ہائی کورٹ نے 21اپریل کو ہونے ضمنی انتخابات میں پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 32میں امیدوار اڈیالہ جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما، سابق وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے حامیوں کو ہراساں کرنے سے روک دیا۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد بلال نے ضمنی الیکشن میں ووٹرز اور اہلخانہ کو ہراساں کرنے سے روکنے کی پرویزالٰہی کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخوست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ پرویز الٰہی پی پی 32 سے ضمنی الیکشن میں امیدوار ہیں، پولیس درخواست گزار کے حامیوں اور خاندان کے افراد کو ہراساں کررہی ہے۔درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ پرویزالٰہی کے حامیوں کوہراساں کرنے سے روکنے کا حکم دیا جائے۔لاہور ہائی کورٹ نے ضمنی انتخابات میں پرویزالٰہی کے حامیوں کو ہراساں نہ کرنے کا حکم دیا اور اس حوالے سے گجرات پولیس کو ہدایات جاری کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔یاد رہے کہ سابق وزیر اعلی پنجاب پرویز الٰہی گزشتہ کئی ماہ سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں، 4اپریل کو انہیں صحت کی خرابی کے باعث جیل سے ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا تاہم بعد میں انہیں دوبارہ جیل منتقل کردیا گیا۔