عبد الحمید کی شمولیت سے پیپلز پارٹی کو گلگت بلتستان میں تقویت ملے گی،سید نیئرحسین بخاری

ہفتہ 20 اپریل 2024 22:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2024ء) پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے گلگت بلتستان سے اہم سیاسی شخصیت عبد الحمید خان کی پی پی پی میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ عبد الحمید کی شمولیت سے پیپلز پارٹی کو گلگت بلتستان میں تقویت ملے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےڈپٹی اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی سعدیہ دانش،امجد ایڈووکیٹ جمیل احمد اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان سے اہم سیاسی شخصیت عبد الحمید خان پی پی پی میں شمولیت اختیار کی ہے، آج انہوں نے باضابطہ شمولیت کا اعلان کیا ہے،عبد الحمید مرکزی سیاست میں کردار ادا کرنا چاہتے ہیں ،پارٹی قیادت کی طرف سے ان کو خوش آمدید کہتا ہوں، ان کی شمولیت سے پیپلز پارٹی کو گلگت بلتستان میں تقویت ملے گی، ا مید ہے یہ ذوالفقار علی بھٹو کا مشن آگے لے کر بڑھیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرعبد الحمید خان نے کہا کہ میرا سیاست سے پرانا تعلق ہےمیں نے سیاست کا آغاز تحریک استقلال سے کیا ، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیں پیکیج دیا، ہم نے گلگت بلتستان کے حقوق کے حصول کے لیے پی پی پی میں شمولیت اختیار کی ۔ اس موقع پرفیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ مظلوموں کی آواز بنی ہے۔ پی پی پی کی قیادت بلوچستان اور گلگت بلتستان کے مسائل حل کرے گی، پی پی پی گلگت بلتستان کے مسائل کے حل کے لیے آواز بنیں گے، صدر آصف علی زرداری نے ساتویں مرتبہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سےخطاب کیا، صدر نے خطاب میں کشمیر اور فلسطین پر بات کی،بلاول بھٹو زرداری نے سیاسی جماعتوںکو مذاکرات کی دعوت دی ہے، بلوچستان میں جو پیپلز پارٹی نے کام کیا اسی بنیاد پر الیکشن میں ہمیں نتائج حاصل ہوئے،انشاءاللہ ہم گلگت بلتستان کی بھی آواز بنیں گے اور مرکز سے مسائل حل کروائیں گے۔

پیپلز پارٹی کی قیادت اور سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی جو بھی فیصلہ کرے گی اس پر عملدرآمد ہوگا۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ گلگت بلتستان کو جو حقوق ملے وہ پیپلز پارٹی کے دور میں ملے ہیں، پی پی پی کا گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ گہرا تعلق ہے، سیاسی جماعتیں اپنے منشور کے مطابق دعویٰ کرتی ہیں،گلگت بلتستان میں جو حقوق ملے وہ پیپلز پارٹی نے دیے،گلگت بلتستان کے لوگوں کا پیپلز پارٹی کے ساتھ دلی رشتہ ہے،ہم گلگت بلتستان میں جو حکومت بنانے کا دعویٰ کررہے ہیں وہ طاقت سے نہیں بلکہ اپنے کام کی وجہ سے کہہ رہے ہیں،ہم اپنی خدمت سے گلگت بلتستان کی عوام کے دل جیتے ہوئے ہیں اور ہم حکومت بنائیں گے۔