Live Updates

ضمنی انتخابات، سابق پی ٹی آئی رکن اسمبلی شبیر گجر گرفتار

شبیر گجر کو حفاظتی طور پر حراست میں لیا۔ پولیس کا مؤقف

Sajid Ali ساجد علی اتوار 21 اپریل 2024 15:35

ضمنی انتخابات، سابق پی ٹی آئی رکن اسمبلی شبیر گجر گرفتار
لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اپریل 2024ء ) ضمنی انتخابات کے دوران پولیس نے پی ٹی آئی کے سابق رکن اسمبلی شبیر گجر گرفتار کر لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شبیر گجر پی پی 164 سے پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار یوسف میو کے ووٹرز کے ساتھ پولنگ سٹیشن گئے تھے جہاں پولیس نے ویلنشیاء ٹائون سے تحریک انصاف کے سابق رکن اسمبلی شبیر گجر گرفتار کیا، اس حوالے سے پولیس نے کہا کہ ’شبیر گجر کو حفاظتی طور پر حراست میں لیا‘ جب کہ شبیر گجر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’نہ کوئی لڑائی جھگڑا ہوا اور نہ کوئی مقدمہ درج ہے‘۔

ادھر پولنگ کے دوران لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 119 میں پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں میں ہاتھا پائی ہوگئی جب کہ شیخوپورہ سے صوبائی حلقہ پی پی 139 میں نظام پورہ ڈھاکہ پولنگ سٹیشن پر دو گروپوں میں مسلح تصادم کے بعد پولنگ روکنی پڑگئی، قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 119 میں ن لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں ہاتھا پائی پولنگ سٹیشن کے باہر پولنگ کیمپ لگانے پر ہوئی جہاں تصادم کے وقت پولیس نے 4 کارکنان کو حراست میں لیا اور بعد میں معاملہ ختم کروانے کے بعد پولیس نے ان کارکنوں کو چھوڑ دیا جب کہ شیخوپورہ میں جگیاں سیالاں میں حلقہ پی پی 139 میں نظام پورہ ڈھاکہ پولنگ سٹیشن پر دو گروپوں میں مسلح تصادم ہوا جہاں فائرنگ کے بعد پولنگ کا عمل روکا گیا، جھگڑے کے دوران ڈنڈے لگنے سے3 افراد زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف ضمنی الیکشن کیلئے جاری پولنگ میں نارووال میں تصادم کے دوران ایک شخص جاں بحق ہوگیا، پولیس کا کہنا ہے کہ پی پی 54 میں 2 سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں جھگڑا ہوا، اس دوران ایک کارکن جاں بحق ہو گیا جہاں مخالفین نے جھگڑے کے دوران کارکن کے سر میں ڈنڈا مارا، جس کے باعث شدید زخمی 60 سالہ محمد یوسف کو ہسپتال لے جایا جارہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا، مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ متوفی محمد یوسف مسلم لیگ ن کا کارکن تھا، محمد یوسف کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، قاتلوں کو قانون کی گرفت میں لائیں گے۔
Live پی ٹی آئی پر پابندی سے متعلق تازہ ترین معلومات