3 سال میں 70 ارب ڈالر ادا کرنے ہیں، اخراجات ادھار لے کرپورا کر رہے ہیں،احسن اقبال

پاکستان میں سیاسی تسلسل قائم نہ ہوا تو دائروں میں گھومتے رہیں گے،7 فیصد معاشی گروتھ سے 2047ءتک پاکستان 2 ہزار ارب ڈالر کی معیشت بن سکتا ہے،بزنس سمٹ سے خطاب

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 23 اپریل 2024 15:06

3 سال میں 70 ارب ڈالر ادا کرنے ہیں، اخراجات ادھار لے کرپورا کر رہے ہیں،احسن ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 اپریل2024 ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو اگلے 3 سال میں 70 ارب ڈالر ادا کرنے ہیں،حکومت اس وقت اپنے تمام اخراجات ادھار لے پورا کررہے ہیں، پاکستان میں سیاسی تسلسل قائم نہ ہوا تو دائروں میں گھومتے رہیں گے،7 فیصد معاشی گروتھ سے 2047ءتک پاکستان 2 ہزار ارب ڈالر کی معیشت بن سکتا ہے، کسی بھی ملک کی ترقی کیلئے امن، استحکام اور پالیسیز کا تسلسل ضروری ہے اور کم از کم دس سال کا تسلسل ہونا چاہئے۔

اسلام آباد میں منعقدہ بزنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا مزید کہناتھا کہ ہم غیر ضروری ریگولیشنز کو ختم کرنا چاہتے ہیں، نجی شعبے کیلئے راستہ کلیئر کرنا ہوگا، پاکستان کا سالانہ ریونیو 7 ہزار ارب روپے ہے، اس سال ہمیں قرضوں کی ادائیگی کیلئے 8 ہزار ارب روپے درکار ہیں، قرضوں کی ادائیگی میں بھی ایک ہزار ارب روپے کا خسارہ ہے۔

(جاری ہے)

ہم تمام اخراجات ادھار لے کر پورا کر رہے ہیں، پینشن کا بجٹ 800 ارب اور حکومتی امور چلانے کا 700 ارب روپے ہے، سبسڈیز کیلئے 900 ارب، دفاعی اخراجات 1800 ارب روپے ہیں، صوبوں کو ٹرانسفرز کی مد میں 1200 ارب روپے کا خرچہ ہے، پاکستان کو برآمدات اور سرمایہ کاری بڑھانے کی ضرورت ہے۔

حکومت اور نجی شعبہ مل کر کام کر سکتے ہیں، معاشی ترقی کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا، آئیں پاکستان کو تین ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کیلئے مل کر کام کریں۔ پاکستان کو اگلے تین سال میں 70 ارب ڈالر ادا کرنے ہیں، ہم اگلے سات سے آٹھ سال میں برآمدات 100 ارب ڈالر تک لے گئے تو ٹیک آف کر جائیں گے تاہم پاکستان برآمدات بڑھانے میں ناکام رہا ہے۔احسن اقبال کا اپنے خطاب میں مزید کہنا تھا کہ چین کے ساتھ بھی سی پیک کے دوسرے فیز کیلئے بات چیت کر رہے ہیں یو اے ای، کویت اور قطر سے بھی بات چیت ہورہی ہے اب ہم ان سے مدد نہیں مانگ رہے، سرمایہ کاری پر بات کی جارہی ہے۔

وزیراعظم جلد سعودی عرب کا دورہ کریں گے اس کے بعد سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان متوقع ہے سعودی عرب جلد پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔