نمل یونیورسٹی راولپنڈی کیمپس میں کلچر فیسٹیول منایا گیا

منگل 23 اپریل 2024 21:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) نمل یونیورسٹی راولپنڈی کیمپس میں طلباء و طالبات نے کلچر فیسٹیول بھرپور طریقے سے منایا، کلچرل فیسٹیول کا انعقاد میڈیا اینڈ کمیونیکشن ڈیپارٹمنٹ نے کیا۔سپرنگ فیسٹیول میں طلباء و طالبات نے ملکی ثقافت کے رنگ بکھیر دیئے۔ پنجاب ،سندھ ، کے پی کے،بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے طلباء و طالبات نے پاکستانی ثقافتوں کو خوب اجاگر کیا اور سٹالز لگائے جہاں ثقافتی کھانوں سے مہمانوں کی تواضع بھی کی گئی ۔

(جاری ہے)

تقریب کے مہمان خصوصی پرو ریکٹر بریگیڈیئر(ر) سید نادر علی تھے۔ پرو ریکٹر نے طلباء و طالبات سے کہاکہ جو قومیں اپنی ثقافت کو بھول جاتی ہیں وہ مٹ جاتی ہیں ، اس قسم کے کلچر فیسٹیول سے صوبائی ثقافتی ہم آہنگی بڑھتی ہے، صوبائی ثقافتوں کو سمجھنے کا موقع ملتا ہے، طلباء و طالبات کا ہم نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینا قابل تحسین ہے ، فیسٹیول کے آرگنائزر میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ ڈاکٹر حسیب نے کہا کہ یہ بات انتہائی حوصلہ افزاء ہے کہ طلباء و طالبات تقافتی رنگ کلچر فیسٹیول میں بکھیرتے ہیں، سب سے بڑھ کر یہ ہے کہ اس فیسٹیول میں پاکستان کے تمام صوبوں اور آزادکشمیر کے طلباء و طالبات نے شرکت کر کے اس فیسٹیول کو کامیاب کیا۔