اگر ہم قرآن و سنت کے مطابق زندگی گزاریں تو اللہ کا قرب حاصل ہو تا ہے،مقررین

مرکزی سیرت کمیٹی کے زیر اہتمام ہفتہ وار درس قرآن جامع مسجد مرکزی عیدگاہ میں ہوا،درس قرآن میںاہلیان محلہ اور بلخصوص نوجوان طلباء کو فہم دین میں رہنمائی ملتی ہے

بدھ 24 اپریل 2024 15:00

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) مرکزی سیرت کمیٹی کے زیر اہتمام ہفتہ وار درس قرآن کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نوجوان مذہبی سکالر علامہ بلال احمد قادری نے کہا ہے کہ طہارت و پاکیزگی مسلمانوں کا وہ خاص وصف ہے جو انہیں اللہ تعالیٰ اور اس کے پیارے رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قریب لے آتا ہے اور دنیا ومافیہا کے مصائب و آلام سے نجات کا زینہ بن جاتا ہے۔

وہ یہاں جامع مسجد خادم الحرمین الشریفین میں ہفتہ وار درس قرآن کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے جس کا ہفتہ وار اہتمام مرکزی سیرت کمیٹی کی جانب سے کیا جاتا ہے۔ اجتماع درس قرآن میں علماء کرام، اساتذہ، نمازی حضرات، اہل محلہ اور نوجوان طلباء شریک ہوتے ہیں۔ اس درس قرآن میں قرآن کریم کی ترتیب وار تفسیر عام فہم انداز سے بیان کی جاتی ہے اور مختلف فقھی مسائل پر بھی گفتگو کی جاتی ہے جس سے نوجوان طلباء کو فہم دین میں رہنمائی ملتی ہے۔

(جاری ہے)

بعد نماز مغرب ہر سوموار کو منعقدہ اس درس قرآن کے عنوانات کا انتخاب قرآن کریم کی آیات مبارکہ ہیں۔ گزشتہ روز منعقددہ درس قرآن میں مدرس نے طہارت و پاکیزگی کے عنوان پر گفتگو کی جس کا مختصر خلاصہ یہ ہے کہ بظاہر نماز کے لیے کیا جا نے والا وضو یا پانی میسر نہ ہونے کی بناء پر تیمم انسانی جسم سے ظاہری نجاست دور کرتا ہے لیکن درحقیقت رب تعالیٰ کو انسان کی باطنی طہارت مقصود جو صوفیاء کرام کا خاصہ ہے۔

اگر ہم صوفیاء کرام کے طریق پر قرآن و سنت کے مطابق اپنی زندگیاں گزاریں تو دنیاکے ساتھ ساتھ آخرت میں بھی ہمیں رب تعالیٰ کا قرب حاصل ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ طہارت کاایک پہلو اپنا دل صاف کرنا بھی ہے ، اپنے قول و فعل کے تضاد کو ختم۔کرنا ہے، ناپ تول میں کمی جھوٹ، چغلی، غیبت جیسے قبیح امور کو ترک کرکے خلق خدا کے لیے سکون کا باعث بننا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر ہم رسول کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کی حیات مبارکہ کا مطالعہ کرکے عمل پیرا ہوں تو ہمیں دنیا وآخرت میں حقیقی کامیابی مل سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :