معاشی استحکام کے لیے وفاق اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا،وزیراعظم

بعض مرتبہ ایسے فیصلے بھی کرنے ہوں گے جو ذاتی طور پر پسند نہ ہوں لیکن وہ فیصلے پاکستان کے لیے بہتر ہوں گے،شہباز شریف وزیراعلی مراد علی شاہ سے بھائیوں والا تعلق بن گیا ہے، صوبوں کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے،وفاقی اور صوبائی کابینہ کے ارکان سے خطاب

بدھ 24 اپریل 2024 18:10

معاشی استحکام کے لیے وفاق اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا،وزیراعظم
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سب کے مینڈیٹ کا احترام کرنا ہوگا، معاشی استحکام کے لیے وفاق اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں وفاقی اور صوبائی کابینہ کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی وزرا کو مل کر کام کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ بعض مرتبہ ایسے فیصلے بھی کرنے ہوں گے جو ذاتی طور پر پسند نہ ہوں لیکن وہ فیصلے پاکستان کے لیے بہتر ہوں گے، دورہ کراچی کا مقصد یہ پیغام دینا ہے کہ سب ایک ٹیم بن کر کام کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا 8 فروری کے الیکشن کے نتیجے میں وفاق میں منقسم مینڈیٹ ملا ہے، ہم سب کو ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہوگا تاکہ عوام کے مسائل حل کرسکیں۔

(جاری ہے)

شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعلی مراد علی شاہ سے بھائیوں والا تعلق بن گیا ہے، صوبوں کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، صوبے اور وفاق مل کر کام کریں گے تو سرمایہ کاری آئے گی، میرا فرض ہے اس حکومتی اتحاد کو مزید مضبوط بناؤں۔

انہوںنے کہا کہ آنے والے ہفتوں اور مہینوں میں مزید ممالک کے وفود آئیں گے، جمہوری ترقی کی گاڑی آگے بڑھے اس کیلئے ناپسند فیصلے بھی کرنے پڑیں گے۔اس سے پہلے کراچی آمد پر وزیراعظم نے مزار قائد پر حاضری دی اور مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں سے پاکستان کی خدمت اور ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کا حلف لیا۔