وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم کو وفاق کی جانب سے سندھ کو نظرانداز کرنے کا شکوہ کر دیا

بدھ 24 اپریل 2024 20:47

وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم کو وفاق کی جانب سے سندھ کو نظرانداز کرنے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2024ء) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم شہباز شریف کے سامنے وفاق کی جانب سے سندھ کو نظر انداز کرنے کا شکوہ کردیا،مراد علی شاہ نے وزیراعظم کے سامنے شکوہ کیا کہ سندھ حکومت نے 25 ارب روپے جاری کئے، وفاق نے فنڈ نہیں دئیے جب کہ گزشتہ 4 سال نئی سکیمز میں وفاق نے سندھ کو نظر انداز کیا۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی کابینہ میں بھی سندھ کی نمائندگی زیادہ ہے اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، جام کمال ، قیصر شیخ ور خالد مقبول تو کراچی کے ہی ہیں۔

میں سمجھتا ہوں اب سندھ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے۔وزیراعظمّ شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہائوس میں اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ اور صوبائی کابینہ کے ارکان سمیت وفاقی وزیر احسن اقبال، خالد مقبول، مصدق ملک، جام کمال اور عطااللہ تارڑ نے شرکت کی جب کہ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا کہ 2022 کے سیلاب نے تباہی پھیلائی تھی جس کے بعد سندھ میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد تعمیر نو کا مرحلہ شروع ہوا اور ہمارا وفاق کے ساتھ اتفاق ہوا تھاکہ 70فیصد فنڈ ڈونر ایجنسیز فراہم کریں گی جبکہ 30فیصد فنڈنگ وفاقی اور سندھ حکومت مہیا کریں گی۔ ہمیں نے اپنے حصے کے فنڈ زتو فراہم کر دئیے لیکن وفاق نے اب تک اپنے حصے کے فنڈز فراہم نہیں کئے ہیں۔سیلاب متاثرین کیلئے ڈونر ایجنسیز نے 557.79 ارب روپے دئیے۔ سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر 50 کروڑ ڈالر کا پروجیکٹ ہے۔سکولوں کی تعمیر کا پراجیکٹ 11ہزار917ملین روپے کا ہے۔دوران اجلاس وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم بڑے مسائل جلد حل کرنے کی بھرپورصلاحیت رکھتے ہیں۔