ایرانی صدر کا پاکستانی دورہ توقعات سے زیادہ کامیاب رہا، دونوں ممالک کے درمیان محبت بھرے تعلقات میں مزید اضافہ ہو گا ، صاحبزادہ زبیر

جمعرات 25 اپریل 2024 21:35

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2024ء) جمعیت علما پاکستان (نورانی)و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ ایرانی صدر کا پاکستانی دورہ توقعات سے زیادہ کامیاب رہا، دونوں ممالک کے درمیان محبت بھرے تعلقات میں مزید اضافہ ہو گا اور اقتصادی طور پر ملک کو بے حد فوائد حاصل ہوں گے، معاہدوں پر عملدرآمد کے سلسلے میں امریکہ کی طرف سے جو دھمکیاں دی جارہی ہیں اس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

جمعیت علما پاکستان (نورانی)و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیرنے ایرانی صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کے اعزاز میں اسلام آباد اور سی ایم ہاس کراچی کے استقبالیہ تقریبات میں میں شرکت کے بعد واپس حیدرآباد پہنچنے پر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی صدر کا پاکستانی دورہ توقعات سے زیادہ کامیاب رہا دنوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے جو معاہدے ہوئے ہیں ان سے دونوں ممالک کے درمیان محبت بھرے تعلقات میں مزید اضافہ ہو گا اور اقتصادی طور پر ملک کوبے حد فوائد حاصل ہوں گے ان معاہدوں پر عملدرآمد کے سلسلے میں امریکہ کی طرف سے جو دھمکیاں دی جا رہی ہیں اس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمیں خدشہ ہے کہ ہمارے جن حکمرانوں نے ایرانی صدر کی آمد پر ایئرپورٹ سے ان کی رہائشگاہ تک ایک بھی جھنڈا نہ لگا کر امریکہ کو خوش کرنے کی کوشش کی ہے وہ شاید ان معاہدوں پر بھی عمل نہ کر کے ملک کو اسی طرح نقصان پہنچائیں گے جس طرح آج تک گیس فراہمی کے منصوبہ پر عمل نہ کر کے ملک کو نقصان سے دوچار کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ اور پنجاب کی حکومتوں نے ایرانی صدر کا جس والہانہ انداز سے استقبال کیا ہے اس پر ہم ان کو مبارکباد دیتے ہوئے ان سے کہیں گے کہ وہ وفاقی حکومت پر دبا ڈالیں کہ ہمارا پاکستان ایک آزاد اور خورمختار ملک ہے اور ہمیں اپنے ملک کے مفاد کو پیش نظر رکھتے ہوئے فیصلے کرنے چاہئے اگر سابقہ گیس کے اور موجود معاہدوں کے ساتھ ساتھ بجلی کے معاہدے بھی کر لئے جائیں تو ملک میں نہ صرف مہنگائی کے طوفان سے نجات مل جائے گی بلکہ اقتصادی بحران سے بھی ملک نکل جائے گا، آئی ایم ایف کے قرض سے نہیں بلکہ ان معاہدوں پر عمل سے ملک میں معاشی استحکام آئے گا، انہوں نے کہا کہ امریکہ کی طرف سے ایران پر پابندیوں کے باوجود چین اور بھارت کے ایران سے کئی معاہدے موجود ہیں اور وہ امریکی پابندیوں کی پروا ہ کئے بغیر ان معاہدوں کے ذریعے اپنے ممالک کے لئے بے پناہ فوائد حاصل کر رہے ہیں تو ہم کیوں نہیں کرسکتے۔