سپریم کورٹ میں قاسم سوری کی نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت 02 مئی کوہوگی فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے گئے

جمعہ 26 اپریل 2024 22:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2024ء) سپریم کورٹ میں قاسم سوری کی نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت 02 مئی کوہوگی فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے گئے،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کیس کی سماعت کریگا،سینئر قانون دان محمد ریاض احمد ایڈووکیٹ نے بتایا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی نااہلی کیس کی سماعت 02 مئی کو طلب کی ہے، کیس کی سماعت چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل تین رکنی بنچ کریگا، انہوںنے بتایا کہ کیس کی سماعت کے حوالے سے سپریم کورٹ نے سینئر سیاست دان وسابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی اور سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کے وکلائکو نوٹس جاری کئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ 2018 کے عام انتخابات میں این اے 265 میں قاسم سوری کی کامیابی کوسینئر سیاست دان وسابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے چیلنج کرتے ہوئے حلقہ میں دھاندلی کی تحقیقات کے لیے درخواست دائر کی تھی جس پر الیکشن ٹربیونل نے الیکشن کو کالعدم قرار دیتے ہوئے دوبارہ انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا جس کے بعد قاسم سوری نے الیکشن ٹربیونل کے فیصلہ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا،اس وقت کے چیف جسٹس عمر عطائبندیال نے الیکشن ٹربیونل کے فیصلہ کو کالعدم قرار دے کر قاسم سوری کو قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر کے عہدہ پر بحال کر دیا تھا اور حلقہ میں دوبارہ انتخاب کے فیصلہ کے خلاف حکم امتناع جاری کیاتھا۔