پٹہکہ /مظفرآباد ،محکمہ وائلڈ لایف اپنی ساکھ بچانے کے لیے متحرک ہو گیا

اتوار 28 اپریل 2024 14:35

پٹہکہ/مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) عوام علاقہ پرسچہ کی جانب سے محکمہ وائلڈ لایف کو جنگلی چیتوں کے آبادی سے انخلا کے نوٹس دینے اور پرنٹ،سوشل وڈیجیٹل میڈیا پر اس حوالہ سے شائع ہونے والی خبروں پر بالآخر محکمہ وائلڈ لایف اپنی ساکھ بچانے کے لیے متحرک ہو گیا۔ محکمہ وائلڈ لایف کے سٹاف نے ہفتہ کے روز موضع پرسچہ کا دورہ کیا۔

جن کے پاس نہ تو ان جنگلی چیتوں کی نقل وحرکت کو مانیٹر کرنے اور نہ ہی انخلا کے لیے کوئی سامان موجود تھا۔ محکمہ کے سٹاف نے لوگوں کی توجہ ان درندوں کی ہلاکت کے لیے دئیے جانے والے نوٹس سے ہٹانے کے لیے محض لوگوں کے ہونے والے نقصانات کی تفصیلات نوٹ کیں۔اس موقع پر عوام علاقہ نے محکمہ وائلڈ لایف کی اس حرکت کو عوام کی توجہ جنگلی درندوں کو ہلاک کرنے سے ہٹانے کا اقدام قرار دیتے ہوئے محکمہ کے سٹاف پر واضح کیا کہ اگر محکمہ نے عوام کے نوٹس میں دئیے جانے والے وقت کے اندران چیتوں کے آبادی سے انخلا کے اقدامات نہ کیے تو انہیں ہلاک کر دیا جائیگا۔

(جاری ہے)

عوام علاقہ نے محکمہ وائلڈ لائف کے حکام کو بتایا کہ گزشتہ دنوں ذیشان مفل نامی ایک شخص پر یہ جنگلی درندے حملہ آور بھی ہوچکے ہیں۔ انسانی جان سے زیادہ دنیا میں کوئی چیز قیمتی اور نایاب نہیں ہو سکتی۔ اس لیے ہم معاوضہ کی کسی لالچ میں آ کر اپنے اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اہل علاقہ نے محکمہ کی جانب سے عوام کی توجہ اپنے نوٹس سے ہٹانے کے ان حربوں کو مسترد کر تے ہوئے محکمہ کے سٹاف پر واضح کیا کہ وہ صرف اپنے نوٹس میں دئیے گئے وقت کے پورا ہونے کا انتظار کررہے ہیں۔

نوٹس میں دئیے گئے وقت کے اندر اگر ان درندوں کو آبادی سے نہ نکالا گیا تو ہم سب مل کران کے مسکن کا گھیراوکر کے انہیں ہلاک کر دیں گے۔ یاد رہے کہ مظفرآباد کے نواحی گاوں پرسچہ کو جنگلی چیتوں نے کافی عرصہ سیاپنا مسکن بنا رکھا ہے۔جو لوگوں کے لاکھوں روپے کے قیمتی پالتو جانوروں کو اپنی خوراک بنا چکے ہیں۔ قیمتی انسانی جانوں کو بھی ان جنگلی درندوں سے شدید خطرات لاحق ہیں اور یہ درندے کئی لوگوں پر حملہ آور بھی ہو چکے ہیں۔

گزشتہ روز اہلیان علاقہ نے محکمہ وائلڈ لائف کو ان درندوں کے آبادی سے انخلا کے لیے تین دن کا نوٹس دیا تھا جس پر محکمہ کے سٹاف نے علاقہ کا دورہ کیا اور عوام کے نقصانات کی تفصیلات لے کر نہیں لالی پاپ دینے کی ناکام کوشش کی جسے عوام نے یکسر مسترد کرتے ہوئے اپنے موقف پر قائم رہنے کا فیصلہ کیا۔ عوام علاقہ کا کہنا ہے کہ وہ محکمہ کی جانب سے اس طرح کے تاخیری حربوں کو ناکام بنائیں گئے اگر محکمہ ان جنگلی درندوں کو آبادی سے نکال نہیں سکتا تو ہم قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد مشترکہ طور پر انہیں ہلاک کردیں گے۔

محکمہ وائلڈ لائف کا کردار اسوقت انسانی جانوں کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔ ہمارا ذریعہ معاش لائیوسٹاک سے وابستہ ہے لیکن ان جنگلی درندوں کیوجہ سے ہم مزید نقصانات برداشت کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔

متعلقہ عنوان :