دائودانجینئرنگ یونیورسٹی کی نئی سائٹ کا گلبرگ ٹائون میں قیام

گلبرگ ٹائون کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی پروقار تقریب، میجر طفیل شہید اسکول جامعہ دائود انجینئرنگ کے حوالے کردیاگیا کئی سال سے غیر فعال عمارت میں دائود یونیورسٹی کی فیکلٹی کے قیام سے ضلع وسطی کے طلبہ و طالبات مستفید ہوں گے ، وائس چانسلر ڈاکٹر ثمرین حسین

اتوار 28 اپریل 2024 18:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) دائود یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین(تمغہ امتیاز)کے وژن اور انتھک کاوشوں کی بدولت اپنی نی سائٹ کے قیام کیلے ٹائون میونسپل کارپوریشن گلبرگ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیئے ہیں جس کے تحت گلبرگ ٹائون یوسی 5میں واقع میجر طفیل شہید اسکول بلاک نمبر 9میں دائود انجینئرنگ یونیورسٹی کی فیکلٹی آف انفارمیشن اینڈ کمپیوٹنگ سانسز کا تمام انفرااسٹرکچر منتقل کیا جائے گا اور کمپیوٹر سائنس، آرٹی فیشل انٹیلی جنس ، سائبر سیکورٹی اور ڈیٹا سائنسز کے پروگرام پڑھائے جائیں گے۔

میجر طفیل شہید اسکول باضابطہ طور پر دائود یونیورسٹی کے حوالے کرنے کی سادہ اور پروقار تقریب گزشتہ روز مذکورہ اسکول میں منعقد ہوئی۔

(جاری ہے)

مفاہمتی یادداشت پر دائود یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر سید آصف علی شاہ اور چیئرمین گلبرگ ٹائون نصرت اللہ نے دستخط کیئے۔ اس موقع پر وائس چانسلر دائود یونیورسٹی انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین(تمغہ امتیاز)، رکن سندھ اسمبلی انجینئر عادل عسکری، سابق وفاقی وزیر شمیم صدیقی، امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی فاروق نعمت اللہ، ڈائریکٹر ایجوکیشن محمد ندیم حنیف، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالوحید بھٹو ،پروگرامز ہیڈز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین نے کہا کہ دائود یونیورسٹی نے گلبرگ ٹائون کے ساتھ ہم آہنگی سے ایک اہم سنگ میل عبور کیا، کئی سال سے غیر فعال عمارت میں دائود یونیورسٹی کی فیکلٹی کے قیام سے ضلع وسطی کے طلبہ و طالبات مستفید ہوں گے۔ فیکلٹی کو گلبرگ ٹائون میں لانے کا مقصد عوام کی خدمت ہے اور نئی سائٹ کا قیام فروغ تعلیم کیلے ہماری انتھک کاوشوں کا نتیجہ ہے۔

رکن اسمبلی انجینئر عادل عسکری نے کہا کہ یہ ہمارے لے باعث فخر ہے کہ دائود یونیورسٹی عصر حاضر کے مطابق فیکلٹی پروگرامز یہاں لا رہی ہے، ایف بی ایریا میں انجینئرنگ یونیورسٹی کا خواب پورا ہوگیا۔ امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی فاروق نعمت اللہ نے کہا کہ فروغ تعلیم کیلے ڈاکٹر ثمرین حسین کی لگن دیکھ کر خوشی ہوئی، شہر کی تعلیمی ترقی کیلے آئندہ بھی ان کا ساتھ دیتے رہیں گے۔ تقریب کے اختتام پر دائود یونیورسٹی کی جانب سے معزز مہمانوں کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں اور پروجیکٹ کی کامیابی کے لے دعا بھی کی گئی۔