شوگر کے مریضوں کیلئے خوشخبری،فیصل آباد میں پہلے جدیدذیابیطس کیئرسنٹر کا افتتاح کردیا گیا

پیر 29 اپریل 2024 12:14

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) فیصل آباد اور گردونواح کے اضلاع کے کروڑوں افرادکی طبی سہولت کیلئے شہرمیں پہلے جدید ترین کولیبوریٹو کیئر آف ذیابیطس سنٹر کا افتتاح کردیا گیا۔سوساں روڈفیصل آباد پر قائم کیا گیا یہ ملک بھر میں اپنی نوعیت کا پہلاسٹیٹ آف دی آرٹ سنٹر ہے جہاں مصنوعی زہانت کے ذریعے جدید ترین کیمرے کا استعمال کرکے ذیابیطس سمیت 15سے زائد مختلف بیماریوں کی تشخیص کی جاسکے گی۔

سنٹر کا افتتاح ہوم کمیونٹی فاؤنڈیشن کے چیئرپرسن پاکستانی نڑادنامور امریکی ڈاکٹر مقصود احمد نے کیا۔تقریب میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرزاور سول سوسائٹی کی اہم شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مقصود احمدنے کہا کہ ذیابیطس کا مرض ملک میں تشویشناک حد تک بڑھ رہا ہے لہٰذا اس مرض پر قابو پانے کیلئے مشترکہ کاوشیں انتہائی ناگزیر ہیں وگرنہ یہ مرض مریضوں کیلئے طبی، مالی اور معاشرتی پیچیدگیاں پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کو بہت بڑا دھچکا لگا کر کسی بحران سے دوچار کر دے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت ذیابیطس کے مرض میں پہلے نمبر پر ہے کیونکہ ملک میں اس مرض کے پھیلاؤ کی شرح 30فیصد سے زیادہ ہے جس کا مطلب ہے کہ پاکستان کی تقریباً 80ملین آبادی اس مرض میں مبتلا ہے اسلئے حکومت اور صحت کے شعبہ سے وابستہ افراد سمیت تمام سٹیک ہولڈر ز کو اس مسئلہ کے حل کیلئے سنجیدہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ہوم ٹاؤن کمیونٹی فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے اس مرض پر قابو پانے کیلئے کوششیں شروع کردی ہیں اور اس سلسلہ میں ملکی تاریخ کا پہلاسی سی ڈی سنٹر فیصل آباد میں قائم کردیا گیا ہے جہاں ذیابیطس میں مبتلا افراد کو اس مرض سے نجات کے طریقہ کار سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ اس مرض کی پیچیدگیوں سے بچنے کی رہنمائی بھی فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ذیابیطس کا مرض جتنا پرانا ہوتا جاتا ہے یہ اسی قدر مریض کیلئے طبی، معاشرتی اور مالی پیچیدگیاں پیدا کرتا جاتا ہے جس کے نتیجے میں صرف اکیلا مریض ہی نہیں بلکہ اس سے وابستہ کئی خاندان اس مرض سے متاثر ہوتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں ذیابیطس کا مرض اس قدر تیزی سے پھیل رہا ہے کہ حکومت کی طرف سے صحت کے حوالے سے مختص کردہ بجٹ اس کے کنٹرول کیلئے ناکافی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کا صحت کے حوالے سے موجودہ بجٹ 14 ٹریلین ہے اوراکیلے ذیابیطس کے مرض کو کنٹرول کرنے کیلئے 10ٹریلین روپے کی ضرورت ہے جبکہ باقی امراض اس کے علاوہ ہیں اسلئے ہوم ٹاؤن کمیونٹی فاؤنڈیشن نے ذیابیطس کے مریضوں کی ہیلتھ کیئر کیلئے ایک ایساپریوینٹو نظام متعارف کروایا ہے جس طرح کا نظام یورپی ممالک میں استعمال ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ذیابیطس کا مرض ملک میں بہت زیادہ پھیل چکا ہے اور اس کا علاج بہت مہنگا ہے اسلئے ہمارے پاس اس مرض کی ٹریٹمنٹ کی آپشن موجود نہیں ہے اسی وجہ سے ہم نے اس مرض پر قابو پانے کیلئے پریوینٹو ہیلتھ کیئرسسٹم متعارف کروانے پر زور دیا ہے اور اس مقصد میں کامیابی کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کا تعاون درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر ہم نے فیصل آباد میں پہلا سی سی ڈی سنٹر قائم کیا ہے جس کی کامیابی کے بعد اس سہولت کو ملک کے دیگر شہروں میں بھی متعارف کروایاجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ان کی تنظیم مرض کی تشخیص کیلئے مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنا رہی ہے اور وہ امریکہ سے ایک ایسی مشین لائے ہیں جو صرف کیمرے کے ذریعے ذیابیطس سمیت 15قسم کے امراض کی تشخیص کرسکتی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے شعبہ دماغی و نفسیاتی امراض کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر امتیازاحمد ڈوگر نے کہا کہ ذیابیطس کے مرض کا نفسیات کے ساتھ بہت گہرا تعلق ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان مریضوں کو نفسیاتی سپورٹ دے کر ذیابیطس کے مرض پر بڑی حد تک قابو پایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نفسیاتی سپورٹ نہ صرف مریض کے رویے کو بہتر بناتی ہے بلکہ اس کے اندر قوت ارادی کو مضبوط بنانے میں میں اہم کرداربھی ادا کرتی ہے جس کے سبب مریض کے اندر بیماری کا علاج کروانے اور اس کے چھٹکارا پانے کا حوصلہ پیداہوجاتا ہے اور یہ بات بڑی حد تک مرض کو کنٹرول کرنے میں ممد و معاون ہوتی ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر محمد سلیم، ڈاکٹر سعید جان، ڈاکٹر عبدالستار قریشی، ہوم ٹاؤن کمیونٹی فاؤنڈیشن پنجاب کے صدر محمد سلیم بلندیا، ایگزیکٹو ڈائریکٹرسی سی ڈی پروگرام محمد اطہر، پنجاب ہوم ٹاؤن کمیونٹی فاؤنڈیشن کے کوآرڈی نیٹرراؤ محمد اقبال،فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبر شیخ شاہد عزیز، پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے انچارج حامد محمود، اے پی پی فیصل آباد کے بیورو چیف رانا انجم اعلیٰ رحمن، فیصل آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر محمد اقبال اعوان، چیف رپورٹر اے پی پی فیصل آباد افتخار احمد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں ڈاکٹر مقصود احمد نے فیتہ کاٹ کرسی سی ڈی سنٹر کا افتتاح کیا جبکہ افتتاحی تقریب میں کیک بھی کاٹا گیا