عازمینِ حج پری انسٹال موبائل سم کے ساتھ سعودیہ جائینگے،سیکرٹری مذہبی امور

کوشش کریں گے کہ آئندہ برس پورا حج کوٹہ استعمال کریں ورنہ یہ کم بھی ہو سکتا ہے، سید عطاء الرحمن

پیر 29 اپریل 2024 18:29

عازمینِ حج پری انسٹال موبائل سم کے ساتھ سعودیہ جائینگے،سیکرٹری مذہبی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) سیکرٹری وزارتِ مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاء الرحمن نے کہا ہے کہ حج کوٹہ رواں برس بھی پوری طرح استعمال نہیں کر سکیں گے، کوشش کریں گے کہ آئندہ برس پورا حج کوٹہ استعمال کریں ورنہ یہ کم بھی ہو سکتا ہے۔سیکرٹری وزارتِ مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاء الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 69 ہزار پاکستانی سرکاری حج اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے۔

انہوںنے کہاکہ پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت عازمین کی تعداد جلد سامنے آ جائے گی، اس بار 40 روز کے ساتھ 20 سے 25 روز کا بھی حج متعارف کرایا ہے، حج ایپ کی سہولت فراہم کی ہے، فلائٹ شیڈول اور دیگر ضروری معلومات موجود ہیں۔سیکرٹری وزارتِ مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاء الرحمن نے کہا کہ اس بار عازمین پاکستان سے پری انسٹال موبائل سم کے ساتھ سعودی عرب جائیں گے، اس سم سے وہ واٹس ایپ پر پاکستان کال کر سکیں گے، عازمینِ حج کو خصوصی فیچر والے بیگ بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خدام الحجاج کے انتخاب کے لیے نیشنل ٹیسٹنگ سروس کی خدمات لی جا رہی ہیں، مدینہ منورہ میں مناسب کرائے پر بہترین اور قریبی مقامات پر عمارتیں حاصل کی ہیں، ادویات اور ویکسین کی خریداری میں 15 کروڑ روپے کی بچت کی ہے۔سیکرٹری وزارتِ مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاء الرحمن نے کہا کہ اس برس روڈ ٹو مکہ کی سہولت کراچی ایئر پورٹ پر بھی دستیاب ہو گی، اس برس ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کا بھی این ٹی ایس کے ذریعے انتخاب ہو گا۔انہوںنے کہاکہ منیٰ سے سرکاری حج اسکیم کے تحت تمام پاکستانی عازمین کو ٹرین کی سہولت ملے گی، عازمین کو راستے سے بھٹکنے سے بچانے کے لیے حج ایپ سے مدد فراہم ہو گی، حج ایپ میں ایک بٹن دبانے سے گم حاجی کی رہائش گاہ تک پہنچنے میں مدد ملے گی۔