آصف زرداری استحکام پاکستان کی علامت ہیں،راجہ جاوید اقبال

ملکی مسائل کے حل کے لئے ہمیشہ صدر پاکستان نے اپنا کلیدی کردار ادا کیا،سازشی عناصر تنقید کر کے اپنا قد کاٹھ بڑھانے کی ناکام ترین کوشش کر رہے ہیں، رہنماء پیپلز پارٹی آزاد کشمیر

پیر 29 اپریل 2024 23:20

نوٹنگھم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) ڈپٹی سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلزپارٹی یوکے راجہ جاوید اقبال نے کہا کہ صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری استحکام پاکستان کی علامت ہیں ملکی مسائل کے حل کے لئے ہمیشہ آصف علی زرداری نے اپنا کلیدی کردار ادا کیا۔انھوں نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے ساتویں مرتبہ تاریخی خطاب کیا آج کچھ سازشی عناصر مرد حر آصف علی زرداری پر تنقید کر کے اپنا قد کاٹھ بڑھانے کی ناکام ترین کوشش کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ماضی میں صدر مملکت آصف علی زرداری کے ملک وقوم کے وسیع تر مفاد میں کئے گئے فیصلوں نے ایک تاریخ رقم کی صوبوں کو خودمختاری،این ایف سی ایوارڈ،آغاز بلوچستان حقوق،صوبہ خیبرپختونخواہ کو پہچان،پارلیمنٹ کو تمام آئینی اختیارات کی منتقلی صدر مملکت آصف علی زرداری کے اہم ترین کارنامے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ آصف علی زرداری مفاہمت کے بادشاہ اور شہناہ سیاست اور پاکستان کے نیلسن منڈیلا ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری،چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور سیاسی امور کی انچارج محترمہ فریال تالپور کی قیادت میں متحد ومنظم ہے ان شاء اللہ پاکستان اب صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری کی قیادت میں ترقی کی راہوں پر گامزن ہو چکا ہے جلد عوام کو خوشخبریاں ملیں گی۔