عالم خان کاکڑ کیکسٹم انٹیلی جنس،ایف بی آر اور پولیس کے تاجروں کے گوداموں ،دکانوں اورمارکیٹس پرچھاپوں کی مذمت

بلوچستان میں کارخانہ ہونے کی وجہ سے صوبے کے عوام کاکاروبار تجارت سے وابستہ ہے لیکن ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت عوام پر تجارت کے دروازے بھی بند کئے جارہے ہیں ، صوبائی رہنماپی ٹی آئی

پیر 29 اپریل 2024 23:38

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنماعالم خان کاکڑ نے کسٹم انٹیلی جنس،ایف بی آر اور پولیس کے تاجروں کے گوداموں ،دکانوں اورمارکیٹس پرچھاپوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے تاجروں اورعوام کے معاشی قتل عام کے مترادف قراردیاہے ،حکومت اورادارے اگر اسمگلنگ روکناچاہتے ہیں تو بارڈر پرسختی کریں نہ کہ تاجروں کو بلاجواز تنگ کیاجائے۔

تاجروں کے وفد سے بات کرتے ہوئے عالم خان کاکڑنے کہا کہ گزشتہ چندروز سے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں واقع تاجروں کے گوداموں ،دکانوں اور مارکیٹس پر چھاپے مارکر کسٹم انٹیلی جنس ،ایف بی آر اورپولیس اہلکاروں نے ابتک تاجرون کا کروڑوںروپے کا سامان ضبط کیاہے جبکہ بازار میں سولرپینل کاکاروبار کرنے والے تاجروں اور خریدنے والے عوام کو بلاجوازتنگ کیا جارہا ہے جس سے کاروبار مکمل طورپرتباہ ہوکررہ گیاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ گوادموں اور دکانوں پرچھاپے تاجروں کے معاشی قتل عام کے مترادف ہیں جس کی پاکستان تحریک انصاف مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ تاجروں کے گوداموں اور دکانوں پر چھاپوںکا سلسلہ فوری طورپر بند اور ضبط کیاگیاکروڑوں روپے مالیت کاسامان فوری طورپر واپس کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کارخانہ ہونے کی وجہ سے صوبے کے عوام کاکاروبار تجارت سے وابستہ ہے لیکن ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت عوام پر تجارت کے دروازے بھی بند کئے جارہے ہیں جس سے بے روزگاری میں مزیداضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ حکومت اور ادارے اگر اسمگلنگ پرقابو پاناچاہتے ہیں تو بارڈرکے علاقے میںسختی کی جائے نہ کہ تجارتی علاقوں میں چھاپے مارکرتاجروں کو بلاجواز تنگ کیا جائے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ کسٹم انٹیلی جنس ،ایف بی آر اور پولیس کے گوداموں اوردکانوں پر چھاپوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کیاجائے بصورت دیگر پاکستان تحریک انصاف تاجروںکے ساتھ ملکراحتجاج شٹر ڈاؤن ہڑتال اوردھرنادینے پر مجبور ہوگی۔