بھارتی خفیہ ایجنسی را نے امریکہ میں سکھ لیڈر کے قتل کیلئے اجرتی قاتل کی خدمات حاصل کی تھیں، واشنگٹن پوسٹ

پیر 29 اپریل 2024 21:10

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) بھارتی خفیہ ایجنسی ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ (را)نے امریکی سرزمین پر خالصتان تحریک کے سکھ رہنماء گروپتونت سنگھ پنوں پر حملے کی منصوبہ بندی کی تھی اور اس سلسلے میں ایک اجرتی قاتل کی خدمات حاصل کی تھیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ انکشاف امریکی روزنامے واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہاگیاہے کہ را کے ایک سابق افسر وکرم یادیو نے امریکہ میں امریکی شہری اور خالصتان تحریک کے سکھ رہنما گروپتونت سنگھ پنوں پر قتل کیلئے اجرتی قاتل کی خدمات حاصل کی تھیں ۔ وکرم یادیو نے گروپتونت سنگھ پنوں کے امریکہ میں قتل کی منصوبہ بندی کی تھی اور اس کے بارے میں تفصیلات اجرتی قاتل کو بھجوائی تھیں ۔

(جاری ہے)

نومبر 2023میں فنانشل ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکہ نے سکھ لیڈر کے قتل کی سازش کو ناکام بنا دیاتھا ۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ امریکہ نے بھارتی حکومت کو خالصتان تحریک کے رہنما گروپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش میں اسکے ملوث ہونے کے بارے میں وارننگ جاری کی تھی۔ مین ہٹن کی ایک عدالت میں بھارتی شہری نکھل گپتا پر سکھ لیڈر کے قتل کی سازش میں بھارتی حکومت کا ساتھ دینے پر فردجرم عائد کی تھی ۔ گروپتونت سنگھ امریکہ اور کینیڈا کی دوہری شہریت کے حامل ہیں ۔