ڈپٹی کمشنر نے پانچ روزہ خصوصی انسداد تجاوزات آپریشن کے لیے ریگولیشن ونگ کو احکامات جاری کردیئے

پیر 29 اپریل 2024 22:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پرڈپٹی کمشنر لاہور و ایڈمنسٹریٹر ایم سی ایل رافعہ حیدر نے پانچ روزہ خصوصی انسداد تجاوزات آپریشن شروع کرنے کے لیے ریگولیشن ونگ کو احکامات جاری کردیئے۔ ڈی سی لاہور نے کہاکہ شہر کے تمام زونز میں انسداد تجاوزات آپریشن شروع کیا جائے گا۔پانچ روزہ خصوصی مہم میں اہم شاہراہوں، فٹ پاتھ اور مارکیٹوں میں انسداد تجاوزات آپریشن کیا جائے گا۔

ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے کہا کہ مین بلیوارڈ گلبرگ، ایم ایم عالم روڈ، ملتان چونگی، کچا جیل روڈ، رائیونڈ روڈ اور ٹولنٹن مارکیٹ جی ٹی روڈ، نور جہاں روڈ، مولانا شوکت علی روڈ، قائد اعظم انٹر چینج، فیروز پور روڈداتا دربار پیر مکی، دھرم پورہ علامہ اقبال روڈ، لاری اڈہ تا گریٹر اقبال پارک، اسلام پورہ، برکی روڈ اور پی آئی اے روڈنواز شریف انٹر چینج تا روہی نالہ، شاہدرہ موڑ تا کالا خطائی روڈ، مادر ملت روڈ، سرکلر روڈ اردو بازار، شیر شاہ روڈ اور کریم بلاک میں تجاوزات کے خاتمے کے لئے آپریشن کیا جا ئے گا۔

(جاری ہے)

ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے کہاکہ تجاوزات ٹریفک اور دیگر مسائل کا اہم سبب ہیںتجاوزات مافیا کے خلاف بلاتفریق و امتیاز کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق شہر کی خوبصورتی و دلکشی بحال کرنے کے لیے تجاوزات مافیا سے کوئی نرمی نہیں ہوگی تاجر تنظیموں کو بھی انسداد تجاوزات آپریشن کے لئے لائحہ عمل پر اعتماد میں لیا گیا ہے۔ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے کہاکہ بلدیہ عظمی لاہور کے افسران فیلڈ آپریشنز کی قیادت کریںٹریفک پولیس اور دیگر ادارے بھی انسداد تجاوزات آپریشن میں بلدیہ عظمی کے ساتھ حصہ لیں گے۔انہوں نے کہاکہ شہری انسداد تجاوزات آپریشن میں بلدیہ عظمی کا ساتھ دیں۔