+ جی ڈی اے پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال نے انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کے تحت فوری طور پر خدمات کا آغاز کردیا ،ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی داو د خان خلجی

پیر 29 اپریل 2024 23:10

jکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2024ء) وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی داو د خان خلجی کی سرپرستی میں جی ڈی اے پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال نے انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کے تحت فوری طور پر خدمات کا آغاز کردیا ۔ جوکہ حکومت بلوچستان کی جانب سے جی ڈی اے کے تحت صحت کے شعبے میں یہاں کے لوگوں کیلئے ایک انقلابی اقدام ہے۔

چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبے کے تحت حال ہی میں گوادر میں تعمیر شدہ سو بیڈ پر مشتمل عظیم الشان ہسپتال، جی ڈی اے پاک چائنہ فرینڈشپ ہسپتال عالمی معیار کے مطابق ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال ہے جو کہ ملک کے بڑے نامور طبی اداروں کے مقابلہ کا ایک ادارہ ہے۔

(جاری ہے)

جس میں جدید ٹیکنالوجی پر مشتمل آئی سی یو، چوبیس گھنٹہ ایمرجنسی، فارمیسی، آپریشن تھیٹرز، لیبارٹریز، بلڈ بنک، سی ٹی اسکین، ریڈیالوجی، ایکسرے، الٹراساو ٴنڈ، فلوراسکوپی، گیسٹرو اسکوپی، انڈواسکوپی، ای سی جی، ای جی جی، مختلف کلینکس، وارڈز، کیفے ٹریا، سمیت دیگر کئی شعبہ شامل ہیں۔

جہاں روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں روپے کے مہنگے میڈیکل ٹیسٹ، علاج معالجہ اور دیگر خدمات مفت دستیاب ہونگے۔ مختلف قسم کے بیماریوں اور مریضوں کیلئے الگ سے شعبہ قائم کئے گئے ہیں جس میں آرتھپیڈک ، پیڈز، گائنی، امراض قلب،، نیورو، جگر گردہ، ای این ٹی، آئی کلینک، ڈینٹل، ویکسینیشن سنٹر، فیملی میڈیسن، انفکشن ڈیسیز، امراض جلد سمیت دیگر شامل ہیں۔

پی سی ایف جی ڈی اے ہسپتال جی ڈی اے کے موجودہ 50 بیڈ ہسپتال کے پہلو میں بنایا گیا ہے۔ جی ڈی اے کا 50 بیڈ ہسپتال پہلے سے انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کے تحت چلایا جارہا ہے جوکہ علاقے کے لوگوں کو صحت کے اعلیٰ و معیاری سہولیات مفت فراہمی کررہی ہے جہاں روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں ان ڈور و آوٹ ڈور مریض فری علاج معالجہ ،ادویات، اور لیبارٹری کے سہولیات سے مستفید ہورہے ہیں۔

پاک چائنا فرینڈشپ جی ڈی اے ہسپتال نہ صرف گوادر بلکہ پورے بلوچستان میں صحت کے شعبے میں ایک نیا اضافہ ہے۔اس جدید ترین عمارت میں مریضوں کے علاوہ طبی عملہ اور تیمارداروں کو بھی کافی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ ہسپتال کی عمارت 100 بستروں پر مشتمل ہے جس میں 10 بستر سی سی یو، ائی سی یو کے لئے مختص رکھے گئے ہیں۔ مکران اور اس سے منسلک اضلاع کے لوگوں کو سی ٹی سکین سمیت معمولی نوعیت کے ٹیسٹ اور علاج کروانے کے لیے کراچی یا کسی اور بڑے شہر جانا پڑتا تھا۔

جوکہ مالی مشکلات کے ساتھ گھنٹوں کا سفر کرنا پڑتا تھا۔ اب یہ سہولیات گھر کے دہلیز پر مفت میسر ہونگے۔ ہسپتال تین مختلف بلاک پر مشتمل شاندار عمارت اور چینی طرز تعمیر کے بدولت ایک جدا گانہ اہمیت کا حامل ہے جس میں سینٹرل ائرکنڈیشن، اپنا الگ پاور ہاو ٴس، جدید ڈرین، سیوریج سسٹم، مکمل سرویلنس سسٹم سمیت جدید اور اعلیٰ قسم کی طبی آلات و مشنری سے مزئین ہے۔

جوکہ شاید ہی ملک کے کسی ہسپتال میں اس لیول کے جدید و معیاری سہولیات لوگوں کو مفت میسر ہوں۔ سی پیک کے تحت بننے والا یہ عظیم الشان ہسپتال چینی عوام کا پاکستانی عوام بالخصوص گوادر کے لوگوں کیلئے تحفہ کی صورت میں اپنے محبت کا بہترین اظہار ہے جسے گوادر اور بلوچستان کے عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور عوام نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے چینی عوام اور مرکزی و صوبائی حکومتوں کا شکریہ ادا کی ہے۔ نرسنگ کالج اور میڈیکل کالج پاک چائنہ فرینڈشپ جی ڈی اے ہسپتال کے آئندہ منصوبوں کے حصہ ہیں۔