صحت مہم کےتحت عازمینِ حج کو سعودی عرب میں پولیو ویکسین پلائی جائےگی،بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن

منگل 30 اپریل 2024 11:00

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی صحت مہم کےتحت عازمینِ حج کو سعودی عرب میں پولیو ویکسین پلائی جائےگی۔ العربیہ اردو کے مطابق بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب کی وزارتِ صحت کے ساتھ ایک نئی شراکت داری کو منظم کرنے کے لیے ریاض میں ایک علاقائی دفتر کھولے گی جس کا مقصد بیماریوں کی نگرانی اور صحت و صفائی کو بہتر بنانا ہےاور لاکھوں عازمین حج کی صحت اور حفاظت کو بہتر بنانے کے لیے کم قیمت والی ویکسین کی تیاری میں مدد کرنا ہے۔

فاؤنڈیشن نے کہا کہ سعودی عرب نے اس اقدام کے 36 سالہ مشن کے لیے آئندہ پانچ سال میں 500 ملین ڈالر دینے کا وعدہ کیا ہے۔گیٹس فاؤنڈیشن نے کہا کہ سعودی عرب لائیوز اینڈ لائیولی ہڈ زفنڈمیں بھی 100 ملین ڈالر دے گا جو شرقِ اوسط میں سب سے بڑا کثیرالجہتی ترقیاتی اقدام ہے،اس سے بنیادی صحت کی نگہداشت اور قابلِ انسداد متعدی بیماریوں کو ختم کرنے کی کوششوں میں مدد ملے گی ۔

(جاری ہے)

فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس نے کہا کہ پولیو ایک خوفناک بیماری ہے تاہم اس کا خاتمہ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر فخر محسوس ہورہا ہے کہ شرقِ اوسط کے شراکت داروں کے ساتھ مل کر سعودی مملکت ہر سال لاکھوں بچوں کو پولیو ویکسین، خسرہ کے خلاف قوتِ مدافعت اور صحت کی دیگر اہم خدمات فراہم کرنے میں مدد کے لیے قدم بڑھا رہا ہے۔