سرداربہادر خان ویمن یونیورسٹی کوئٹہ میں ’’بدعنوانی کے خاتمے میں طلباءکا کردار‘‘ کے موضوع پرآگاہی سیمینار

منگل 30 اپریل 2024 21:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) قومی احتساب بیورو (بلوچستان) کی جانب سے سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کوئٹہ میں ''بدعنوانی کے خاتمے میں طلباءکا کردار'' کے موضوع پر ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ نیب بلوچستان کے ڈپٹی ڈائریکٹرز خرم شہزاد، صالحہ زمان اور پروفیسر ڈاکٹر شمائلہ مظہر، نورین لہڑی اور طالبات کی کثیر تعداد نے اس تقریب میں شرکت کی۔

خرم شہزادنے اپنے خطاب میں طلباءسے بدعنوانی کی مختلف اقسام بیان کیں اور خواہش کا اظہار کیا کہ نوجوان طلباءو طالبات آگے بڑھیں اور اس برائی کے خلاف اس مہم میں نیب کا ہاتھ بٹائیں۔۔ انہوں نے اقربا پروری، جانبداری اور طمع نفسانی کو رشوت ستانی کی مختلف اشکال گردانا جو ہمیں اخلاقی اور معاشی تباہی کی طرف لے جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہر فرد کو بدعنوانی کی لعنت کے خلاف کارروائی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ معیشت کو استحکام مہیا کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کے خلاف نوجوانوں کو آگاہ کرنے کے لیے نیب بلوچستان تعلیمی اداروں میں کریکٹر بلڈنگ سوسائٹیز تشکیل دے رہا ہے جس میں طلباءکو بدعنوانی کے خلاف آواز اٹھانے کی ترغیب دی جاتی ہے۔ انہوں نے نیب کے دائرہ اختیار اور نیب میں درخواست دینے کے طریقہ کار بارے آگاہی فراہم کی۔ سیمینار میں طالبات اور فیکلٹی ممبرز نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور موضوع کے اعتبار سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

تقریب میں ڈاکٹر شمائلہ مظہر اور نورین لہڑی نے نوجوانوں پر بدعنوانی کے اثرات کی وضاحت کی اور اس سلسلے میں کرپشن سے نمٹنے کے طریقوں پر بھی روشنی ڈالی۔ سیمینار کے اختتام پر یونیورسٹی میں آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں خاتون ڈپٹی ڈائریکٹر نیب صالحہ زمان، یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران اور طالبات نے شرکت کی۔