نیب بلوچستان کی جانب سے سردار بہادر خان یونیورسٹی میں بدعنوانی کے خاتمے میں طلبائ کا کردار" کے موضوع پر ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا

منگل 30 اپریل 2024 22:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2024ء) قومی احتساب بیورو (بلوچستان) کی جانب سے سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کوئٹہ میں "بدعنوانی کے خاتمے میں طلبائ کا کردار" کے موضوع پر ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ نیب (بلوچستان) کے ڈپٹی ڈائریکٹرز خرم شہزاد ، محترمہ صالحہ زمان اور پروفیسر ڈاکٹر شمائلہ مظہر، مس نورین لہڑی اور طالبات کی کثیر تعداد نے اس تقریب میں شرکت کی۔

خرم شہزاد، ڈپٹی ڈائریکٹر نیب (بلوچستان) نے اپنے خطاب میں طلبائ سے بدعنوانی کی مختلف اقسام بیان کیں اور خواہش کا اظہار کیا کہ نوجوان طلباء و طالبات آگے بڑھیں اور اس برائی کے خلاف اس مہم میں نیب کا ہاتھ بٹائیں۔۔ انہوں نے اقربا پروری، جانبداری اور طمع نفسانی کو رشوت ستانی کی مختلف اشکال گردانا جو ہمیں اخلاقی اور معاشی تباہی کی طرف لے جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ہر فرد کو بدعنوانی کی لعنت کے خلاف کارروائی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ معیشت کو استحکام مہیا کیا جا سکے۔اس بات کا تذکرہ کیا گیا کہ بدعنوانی کے خلاف نوجوانوں کو آگاہ کرنے کے لیے نیب (بلوچستان) تعلیمی اداروں میں کریکٹر بلڈنگ سوسائٹیز تشکیل دے رہا ہے جس میں طلباء کو بدعنوانی کے خلاف آواز اٹھانے کی ترغیب دی جاتی ہے۔ مقرر کی طرف سے نیب کا دائرہ اختیار اور نیب میں درخواست دینے کے طریقہ کار پر سیر حاصل بحث کی گئی۔

سیمینار میں طالبات اور فیکلٹی ممبرز نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور موضوع کے اعتبار سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ سیشن کے دوران ،طلبائ کے سوالات کے جوابات ڈپٹی ڈائریکٹر نیب (بلوچستان) جناب خرم شہزاد نے تفصیل سے دیے۔ تقریب میں یونیورسٹی کی ڈاکٹر شمائلہ مظہر اور مس نورین لہڑی نے نوجوانوں پر بدعنوانی کے اثرات کی وضاحت کی اور اس سلسلے میں کرپشن سے نمٹنے کے طریقوں پر بھی روشنی ڈالی۔ سیمینار کے اختتام پر یونیورسٹی میں آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں خاتون ڈپٹی ڈائریکٹر نیب محترمہ صالحہ زمان، یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران اور طالبات نے شرکت کی۔