پنجاب حکومت کا ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کرنے کیلئے کسانوں کوسبسڈی دینے کافیصلہ

حکومت فی ٹیوب ویل 50 فی صد تک سبسڈی دے گی ، ہرکسان اپنا ٹیوب ویل20کلوواٹ تک سولرپرمنتقل کرسکے گا

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 1 مئی 2024 15:03

پنجاب حکومت کا ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کرنے کیلئے کسانوں کوسبسڈی ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔یکم مئی 2024 ء) پنجاب حکومت کا ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کرنے کیلئے کسانوں کوسبسڈی دینے کافیصلہ،فی ٹیوب ویل کسان کو50 فی صد تک سبسڈی دی جائیگی،ہرکسان اپنا ٹیوب ویل20کلوواٹ تک سولرپرمنتقل کرسکے گا،ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کرنے کیلئے کسانوں کو12ارب روپے دینے کا فیصلہ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں موجود ٹیوب ویلوں کوسولرپرمنتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

منصوبے کا مقصد کسانوں کی بجلی لاگت میں کمی لانا ہے۔وزارتِ خزانہ پنجاب کا کہنا ہے کہ ٹیوب ویلوں کو سولر پر منتقل کرنے میں کسانوں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔پنجاب حکومت کو کسانوں کی مشکلات کا اندازہ ہے اور حکومت چاہتی ہے کہ کسانوں کو سبسڈی دی جائے تاکہ کسان خوشحال ہو سکیں ۔

(جاری ہے)

ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کرنے سے کسانوں کو بجلی کی لاگت میں کمی آئیگی اور ان کو ریلیف مل سکے گا ۔

حکومت چاہتی ہے کہ کسانوں کی مدد کی جائے او ر مڈل مین و آڑھتی کی بجائے فصل کا صحیح فائدہ کسانوں کو دیا جائے ۔خیال رہے کہ گزشتہ ماہ پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں 5 ہزار ٹیوب ویلز کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیرِ صدارت اجلاس ہواتھا جس میں کسانوں کو رعایتی نرخ پر آلات اور سولر پینلز کی فراہمی کے لئے اقدام پر غور کیا گیاتھا۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے پروگرام "ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر"کے متعلق بریفنگ دی گئی تھی۔جس میں بتایا گیا کہ فارم میکنائزیشن کے تحت 1800زرعی آلات 710 کاشتکاروں کوجلد فراہم کر دئیے جائیں گے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ مرکز کی سطح پر بھی کاشتکاروں کو شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے جدید زرعی آلات دیئے جائیں گے۔قرعہ اندازی میں کامیاب خوش نصیب کاشتکاروں کو جون میں جدید مشینری کی ڈلیوری یقینی بنائی جائے گی۔

اجلاس میں بتایا گیا تھاکہ صوبہ پنجاب میں 5 ہزارٹیوب ویلز سولر سسٹم پر منتقل کئے جائیں گے جبکہ اگلے دو برس میں کاشتکاروں کو 3 ہزار لیزر لینڈ لیولرز بھی سبسڈی پر فراہم کئے جائیں گے۔بجلی پر چلنے والے ٹیوب ویلز کی سولر سسٹم پر منتقلی کیلئے کسانوں کو 50 فیصد سبسڈی فراہم کریگی۔

متعلقہ عنوان :