سندھ والی بال ایسوسی ایشن کے انتخابات :پرویز احمد خان پیٹرن بن گئے

ظفر یار خان چیئر مین ،شاہ نعیم ظفر صدر،شاہد مسعود سیکریٹری ،فرقان حسین خازن منتخب

بدھ 1 مئی 2024 21:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) ظفریار خان سندھ والی بال ایسوسی ایشن کے چیئر مین ،شاہ نعیم ظفر صدر ، شاہد مسعود سیکریٹری اور فرقان حسین خازن منتخب ہو گئے جبکہ پرویز احمد خان پیٹرن بن گئے۔ سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کی ہدایات کی روشنی میں سندھ والی بال ایسوسی ایشن کے انتخابات کا انعقاد کیا گیا جس کے لئے جنرل باڈی اجلاس طلب کیا گیا تھا،اجلاس میں سندھ کے تمام ملحقہ ڈویژنز کے نمائندوں نے بھر پور شرکت کی۔

اجلاس میں آئندہ چار سال کی مدت2024تا2028تک کے لئے نئے عہدے داران کا انتخاب کیاگیا۔تمام عہدے داران کا انتخاب بلا مقابلہ ہوا،انتخابی عمل کی نگرانی کے لئے پاکستان والی بال فیڈریشن سے ایم جاوید، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن سے محترمہ ثنا علی اور سندھ اسپورٹس بورڈ سے ڈی ایس اواسماعیل شاہ بطور آبزرور اجلاس میں شریک تھے ۔

(جاری ہے)

سکھر کے نور حسن بلوچ نو منتخب سندھ والی بال ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر ہونگے جبکہ نائب صدور میں فرخندہ فصیح،انجم زہرہ،آفتاب احمد قریشی،شہباز باجوہ،دوست محمد عامر ،اقبال احمد راجپوت اور رمیز راجا شامل ہیں ۔

ظفر الدین میمن جوائنٹ سیکریٹری جبکہ محمد جمال خان ،کوثر کامران اور خورشید عالم ایسوسی ایٹ سیکریٹریز منتخب ہوئے ۔ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران میں عائشہ ارم ،نعمان الدین خان ،اعجاز احمد دایو ،شفیعہ ارشد،طاہر یار خان ،شازیہ اکرام اور سعدیہ ناز آفریدی شامل ہیں ۔