لیاقت بلوچ سے تحریک انصاف کے رہنماؤں اسد قیصر ،حسین اخونزادہ کارابطہ

اپوزیشن جماعتوں کا وفد امیر جماعت اسلامی سے ملاقات کے لیے منصورہ آئے گا

جمعرات 2 مئی 2024 14:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2024ء) نائب امیر جماعت اسلامی، مجلس قائمہ سیاسی قومی امور کے صدر لیاقت بلوچ سے تحریک انصاف کے رہنماؤں اسد قیصر اور حسین اخونزادہ نے رابطہ کیا ہے ،اپوزیشن جماعتوں کا وفد منصورہ میں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کے لیے آئے گا۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے ایک کانفرنس میں قومی رہنماؤں کی موجودگی میں کہا کہ دینی جماعتوں کی سیاست، قومی مؤقف اور حکمت عملی اپنی اپنی ہے اور سب جماعتوں نے اپنا الگ راستہ طے کرلیا ہے لیکن دینی، قومی اور ملی تقاضا ہے کہ دینی قومی قیادت قومی ترجیحات پر مل کر غور و فکر کریں،اتحاد قائم کرنا کوئی حل نہیں لیکن قرآن و سنت کی بالادستی، آئین و قانون کی فرمانروائی، آزاد عدلیہ اور غیرجانبدارانہ انتخابات اسلامیانِ پاکستان کے اخلاقی، تہذیبی، نظریاتی سرحدوں کی حفاظت اور ملک و ملت کو سود کی لعنت سے نجات دلانے کے لیے مشترکہ مؤقف کو اپنے اپنے پلیٹ فارم سے اٹھانا تو ممکن ہے۔