فواد چوہدری کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری کی درخواست، سماعت 9 مئی تک ملتوی

جمعرات 2 مئی 2024 22:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے فواد چوہدری کی 36 مقدمات میں ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری کی درخواست پر سماعت، عدالت نے فواد چوہدری کے وکیل کو تیاری کی مہلت دیتے ہوئے سماعت 9 مئی تک ملتوی کر دی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاد احمد خان نے فواد چوہدری کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا کہ فواد چودھری کے خلاف پنجاب بھر میں 36 مقدمات درج ہیں اور عدالتوں میں ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہونے کی اجازت دی جائے۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ہماری استدعا ہے کہ پورے پنجاب کی عدالتوں میں ہم پیش نہیں ہو سکتے۔ چیف جسٹس نے استفسار کرتے ہوئے پوچھا کہ کتنے اضلاع میں مقدمات درج ہیں جس پر سرکاری وکیل نے کہا کہ 4 ڈویژنز میں مقدمات درج ہیں۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ایک بندے کے خلاف 36 کیس ہیں، وہ کیسے بیک وقت تمام عدالتوں میں پیش ہو سکتا ہی جس پر فواد چودھری نے کہا کہ ٹوٹل 47 کیس ہیں میرے خلاف، جس ہر چیف جسٹس نے فواد چوہدری کو کہا کہ آپ آرام سے بیٹھ جائیں، آپ مجھے بھی تنگ کر رہے ہیں۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف اس سے بھی زیادہ کیسز ہیں، ہمیں کیس لا پیش کرنے کے لیے کچھ مہلت دی جائے۔ عدالت نے استدعا منظور کرلی۔ عدالتی کاروائی کے بعد فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے لیے اسٹبلشمنٹ سے ڈیل کرنا ممکن نہیں۔ فواد چوہدری نے مزید کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی ڈیل کرتے ہیں تو انکو نقصان ہوگا وہ شہباز شریف بن جائیں گے۔