اسلام آباد پولیس کی "نشہ اب نہیں "تحریک جاری

ایک ہفتے کے دورا ن137منشیات فروش گرفتار،9کلوگرام آئس،34کلوگرام ہیروئن،20کلو گرام چرس اور493لیٹرز شراب برآمد

جمعرات 2 مئی 2024 22:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2024ء) آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات پر اسلام آباد پولیس کی "نشہ اب نہیں "تحریک بھرپور جاری ہے، گزشتہ ایک ہفتے کے دورا ن137منشیات فروشوں کوگرفتارکرکی9کلوگرام آئس،34کلوگرام ہیروئن،20کلو گرام چرس اور493لیٹرز شراب برآمدکرلی، سوشل میڈیا پر 15لاکھ سے زائد شہریوں نے اس تحریک پر پسندیدگی کا اظہارکیا۔

(جاری ہے)

تفصیلا ت کے مطا بق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصررضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اسلام آباد پولیس کا وفاقی دارلحکومت کو منشیات سے پاک کرنے اور نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنے کے لئے خصوصی " نشہ اب نہیں " تحریک بھرپور جاری ہے،اس سلسلے میں اسلام آباد پولیس کے مختلف تھانہ جات نے شہر کے مختلف علاقوں میں بھرپور کریک ڈائون کرتے ہوئے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 137منشیات فروشوں کو گرفتارکر لیا، گرفتار ملزمان کے قبضے سے 09کلوگرام سے زائد آئس،34کلوگرام ہیروئن،20کلو گرام چرس اور493لیٹرز شراب برآمد کرلی گئی،گرفتار ملزمان شہر کے مختلف علاقوں میں منشیات فروشی میں ملوث تھے جنکے کیخلاف مختلف تھانہ جات میں 135مقدمات کے اندراج کو بھی یقینی بنایا گیاہے،اسلام آباد پولیس نے شہریوں کی آگاہی اور منشیات فروشوں کیخلاف بھرپور کریک ڈائون کو یقینی بنانے کیلئے مختلف سوشل میڈیا ذرائع پر آگاہی مہم کوبھی جاری رکھا، جس پر15لاکھ سے زائد شہریوںنے پسندیدگی کا اظہار کیا اور اسلام آباد پولیس کی اس تحریک کی بھرپور پذیرائی کی،آئی جی اسلام آباد سید علی ناصررضوی نے کہا کہ نشہ اب نہیں ایک مہم نہیں بلکہ ایک تحریک ہے جسکا مقصد ہمارا معاشرے سے منشیات کے تدارک کو یقینی بناتے ہوئے منشیات فروشوں کی بیخ کنی کرنا ہے،انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی عناصر کو ہم ہمارے نوجوانوں کی زندگیوں سے کھلواڑ نہیں کرنے دیں گے،اسلام آباد پولیس منشیات و شراب فروشی جیسے گھناؤنے کاروبار میں ملوث عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لائے گی،شہری کسی بھی مشکوک شخص یا سر گرمی کے متعلق اپنے متعلقہ تھانہ،ایمرجنسی ہیلپ لائن ''پکار''15-یا "آئی سی ٹی "15-ایپ پرفوری اطلاع دیں۔