نگران حکومت کے بروقت فیصلے سے گندم کی قلت پر قابو پایا گیا

آٹے کی قیمت کم ہونے سے 1250ارب روپے کا مالی بوجھ کم ہوا، پرائیویٹ سیکٹر کو ہراساں کرنا نامناسب ہے، سرکاری قیمت پر گندم خریداری یقینی بنائی جائے، سستی گندم خرید کر مہنگا آٹا فروخت نہ کیا جائے، اعلامیہ ایف پی سی سی آئی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 2 مئی 2024 21:02

نگران حکومت کے بروقت فیصلے سے گندم کی قلت پر قابو پایا گیا
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 02 مئی 2024ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کہا ہے کہ نگران حکومت کے بروقت فیصلے سے گندم کی قلت پر قابو پایا گیا، پرائیویٹ سیکٹر کو ہراساں کرنا انتہائی نامناسب ہے، سرکاری قیمت پر گندم کی خریداری یقینی بنائی جائے، سستی گندم خرید کر عوام کو مہنگا آٹا فروخت نہ کیا جائے۔ میڈیا کے مطابق ایف پی سی سی آئی کے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ملک میں 30ہزار میٹرک ٹن گندم کی قلت تھی، نگران حکومت کے بروقت فیصلے سے گندم کی قلت پر قابو پایا گیا، گندم کی درآمد سے ملک میں آٹے کی قلت کم ہوئی، درآمدی گندم سے آٹا 65روپے فی کلو میں فروخت کیا گیا، مقامی گندم سے آٹا 100 روپے فی کلو میں فروخت کیا جارہا تھا۔

(جاری ہے)

آٹے کی قیمت کم ہونے سے خزانے پر 1250ارب روپے کا مالی بوجھ کم ہوا۔ پرائیویٹ سیکٹر کو ہراساں کرنا انتہائی نامناسب ہے، پرائیویٹ سیکٹر کی کوششوں سے 6 ماہ آٹے کی قیمتوں میں استحکام رہا۔حکومتی رویوں کی وجہ سے پرائیویٹ سیکٹر مستقبل میں محتاط ہوگا، کاشتکاروں کو گندم کی امدادی قیمت کی فراہمی یقینی بنائی جائے، کاشتکاروں سے سرکاری نرخ پر گندم کی خریداری یقینی بنائی جائے، سستی گندم خرید کر عوام کو مہنگا آٹا فروخت نہ کیا جائے، سرکاری امداری قیمت کا بوجھ عوام پر نہ ڈالا جائے۔

دوسری جانب امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے کسانوں سے گندم نہ خریدنے کا فیصلہ واپس نہ لیا تو وزیراعلیٰ ہاءوس کے سامنے دھرنے کا اعلان کریں گے، صوبائی حکومت کو چار دن کا الٹی میٹم دیتے ہیں ، ذخائر کی موجودگی اور ڈالر کی عدم دستیبابی کے باوجود ایک ارب ڈالر گندم درآمد سکینڈل کی عدالتی کمیشن کے ذریعے انکوائری کی جائے۔

منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کل (جمعہ) سے پورے ملک اور بالخصوص پنجاب کے ضلعی اور ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں کسانوں کے احتجاجی کیمپس کا آغاز ہو جائے گا، کاشتکاروں نے دن رات محنت کر کے فصل تیار کی، خریداری کا مرحلہ آیا تو حکومت انکاری ہو گئی، یہ ملک کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ حکومت نے گندم نہ خریدنے کا اعلان کیا ہے، جعلی حکومت کے پاس اختیار نہیں کہ کسانوں کی تمناءوں پر شب خون مارے ۔ جماعت اسلامی کا احتجاج پرامن ہو گا، ہمارا راستہ روکنے کی کوشش کی گئی تو حکومت گرانے کی اس تحریک جس کا آغاز تھوڑے عرصے بعد ہونا ہے، ابھی سے شروع ہو جائے گا ۔