افغان طالبان رجیم کی درخواست پر پاکستان نے سیزفائر میں توسیع کردی

جنگ بندی میں توسیع کی درخواست قطر حکومت کے ذریعے کی گئی، افغان طالبان کی درخواست پر پاکستان نے جنگ بندی میں مزید 48 گھنٹوں کیلئے توسیع کردی ہے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 17 اکتوبر 2025 19:33

افغان طالبان رجیم کی درخواست پر پاکستان نے سیزفائر میں توسیع کردی
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 17 اکتوبر 2025ء ) پاکستان اور افغان طالبان رجیم کے درمیان سیزفائر میں توسیع پر اتفاق ہوگیا، پاکستان نے افغان طالبان کی درخواست آئندہ اڑتالیس گھنٹوں کیلئے منظور کرلی ہے۔ غیرملکی خبر ایجنسی رائٹرزکے مطابق پاکستان اور افغان طالبان رجیم کے درمیان دوحہ مذاکرات کی تکمیل تک جنگ بندی میں توسیع کردی گئی ہے۔

پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان 48 گھنٹوں کا سیز فائر آج شام 6 بجے ختم ہوگیا تھا۔

(جاری ہے)

آج افغان طالبان رجیم نے پاکستان سے جنگ بندی میں توسیع کی درخواست قطر حکومت کے ذریعے کی۔ افغان طالبان رجیم کی درخواست پر پاکستان نے جنگ بندی میں مزید 48 گھنٹوں کیلئے توسیع کردی ہے۔ یاد رہے اس سے قبل15اکتوبر کو بھی پاکستان نے قابض افغان طالبان کی درخواست پر 48 گھنٹوں کیلئے سیز فائر کیا تھا، کہا گیا تھا کہ جنگ بندی کے وقت کے دوران مسئلے کا تعمیری حل تلاش کیا جائے گا۔ وزارت خارجہ کے مطابق 48 گھنٹوں میں دونوں فریقین تعمیری گفتگو کے ذریعے مسئلے کا حل نکالیں گے، گفتگو سے پیچیدہ مگر مسئلے کا مثبت راستہ تلاش کرنے کی مخلصانہ کوشش ہوگی۔